تل ابیب
اسرائیلی افواج اور حزب اللہ کے جنگجوؤں کے درمیان جمعہ کے روز بھی حملوں کا تبادلہ جاری رہا، حالانکہ اس سے ایک دن قبل اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنگ بندی میں تین ہفتوں کی توسیع کا اعلان کیا گیا تھا۔اسرائیلی دفاعی افواج نے کہا کہ انہوں نے جنوبی لبنان کے قصبوں یاطر اور کفرہ میں حزب اللہ کے راکٹ لانچروں کو نشانہ بنایا، اور دعویٰ کیا کہ یہ ان کے فوجیوں اور اسرائیلی شہریوں کے لیے خطرہ تھے۔
لبنان کی وزارتِ صحت کے مطابق، جنوبی لبنان میں اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں کم از کم چھ افراد ہلاک جبکہ دو دیگر زخمی ہوئے۔دوسری جانب، حزب اللہ نے کہا کہ اس نے جنوبی لبنان کے قصبے رمیہ میں ایک اسرائیلی بکتر بند گاڑی کو نشانہ بنایا۔اپنے بیان میں گروپ نے کہا کہ یہ حملہ جنوبی لبنان میں گھروں کی اسرائیلی تباہی کے جواب میں کیا گیا، جسے اس نے جنگ بندی کی خلاف ورزی قرار دیا۔
اس سے ایک دن قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ اسرائیل اور لبنان نے جنگ بندی میں مزید تین ہفتوں کی توسیع پر اتفاق کر لیا ہے، جو دونوں جانب کے اعلیٰ حکام کے ساتھ بات چیت کے بعد ممکن ہوئی۔وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا، "ہماری لبنان اور اسرائیل کے اعلیٰ حکام کے ساتھ بہت اچھی ملاقات ہوئی، اور میرا خیال ہے کہ لبنان کے صدر اور اسرائیل کے وزیر اعظم اگلے چند ہفتوں میں یہاں آئیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے مزید تین ہفتوں کے لیے فائرنگ نہ کرنے یعنی جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے۔ دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے، ہم امید کرتے ہیں کہ ایسا ہو، لیکن صرف ان کے درمیان نہیں، ہمیں حزب اللہ کے بارے میں بھی سوچنا ہوگا۔
تین ہفتوں کی جنگ بندی کے اعلان کے بعد اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے کہا کہ اگرچہ اسرائیل اور لبنان کے درمیان "تاریخی امن" کی سمت عمل شروع ہو چکا ہے، تاہم انہوں نے حزب اللہ پر الزام عائد کیا کہ وہ صورتحال کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔اسرائیلی وزیر اعظم نے یہ بھی بتایا کہ ان کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بات چیت ہوئی ہے، جو ایران پر "سخت دباؤ" ڈالے ہوئے ہیں، اور اسرائیل اور امریکہ کے درمیان مکمل تعاون جاری ہے۔
انہوں نے یہ بیانات عبرانی زبان میں دیے، جنہیں وزیر اعظم کے دفتر کی جانب سے جاری کیا گیا۔