تہران
اسلامی انقلابی گارڈ کور (آئی آر جی سی) نیوی نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تمام بحری جہازوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ صرف ایران کی جانب سے منظور شدہ راستوں کا استعمال کریں۔ فورس نے کہا ہے کہ ایران کی مقرر کردہ گزرگاہوں سے ہٹ کر سفر کرنے والے جہازوں کے خلاف کارروائی کی جا سکتی ہے۔ یہ اطلاع ایرانی خبر رساں ادارے پریس ٹی وی نے دی ہے۔
پریس ٹی وی کے مطابق آئی آر جی سی نیوی نے کہا کہ "کچھ حکام" نے تہران سے مشاورت یا رابطے کے بغیر اس اہم آبی گزرگاہ کے لیے ایک نیا بحری راستہ متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔
آئی آر جی سی نیوی نے اپنے بیان میں کہا کہ کچھ حکام نے اسلامی جمہوریہ ایران کو پیشگی اطلاع دیے بغیر یا اس کے ساتھ رابطہ کیے بغیر آبنائے ہرمز کے ذریعے ایک نیا بحری راستہ متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔ یہ مجوزہ راستہ ناقابل قبول ہے اور اس سے بحری سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔فورس نے زور دے کر کہا کہ صرف ایران کی جانب سے منظور شدہ راستے ہی آبنائے ہرمز سے گزرنے کے لیے مجاز ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ آبنائے ہرمز کے ذریعے صرف وہی راستے قانونی اور مجاز ہیں جو اسلامی جمہوریہ ایران نے مقرر کیے ہیں۔ ان راستوں سے باہر بحری آمد و رفت ممنوع اور انتہائی خطرناک ہے۔ تمام جہازوں کو سختی سے مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ مقررہ بحری راہداریوں سے باہر سفر نہ کریں۔آئی آر جی سی نیوی نے مزید کہا کہ اس آبی گزرگاہ سے گزرنے والے تمام جہازوں کے لیے ایرانی حکام سے رابطہ برقرار رکھنا لازمی ہوگا۔
بیان میں کہا گیا کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے کے لیے چینل 16 کے ذریعے آئی آر جی سی نیوی سے رابطہ اور ہم آہنگی لازمی ہے۔ کسی بھی خلاف ورزی کے مرتکب جہاز کے خلاف نفاذی اقدامات کیے جائیں گے۔آئی آر جی سی کا یہ بیان عمان کی جانب سے آبنائے ہرمز میں بحری گزرگاہ کے حوالے سے دیے گئے بیان کے ردعمل میں سامنے آیا ہے۔بدھ کے روز عمان نے کہا تھا کہ بین الاقوامی بحری تنظیم (آئی ایم او) کے تعاون سے آبنائے ہرمز میں جہازوں کے لیے ایک بحری راہداری فراہم کی جا رہی ہے۔
سلطنتِ عمان نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد آبنائے ہرمز میں بغیر کسی اضافی فیس کے جہاز رانی کی آزادی کو یقینی بنانا ہے، اور یہ امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والی سفارتی کوششوں کے نتائج کے مطابق ہے۔عمان نے بتایا کہ آئی ایم او کے تعاون سے تمام بحری جہازوں کو ایک عارضی بحری راہداری استعمال کرنے کا اختیار دیا جا رہا ہے، جو تنظیم کی جانب سے جاری کردہ جغرافیائی حدود کے مطابق ہوگی، جبکہ اس راہداری کو استعمال کرنے والے جہاز بین الاقوامی بحری تنظیم کے ساتھ رابطہ رکھیں گے۔
اس سے قبل بدھ کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ اگر ایران کے ساتھ کسی معاہدے میں آبنائے ہرمز میں جہاز رانی یا بحری سرگرمیوں پر کسی قسم کی فیس شامل ہوئی تو یہ ان کے لیے "ناقابل قبول" ہوگا۔نیٹو کے سیکریٹری جنرل مارک روٹے کے ساتھ ملاقات کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ جاری مذاکرات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہاں، یہ میرے لیے ناقابل قبول ہوگا، کیونکہ دنیا میں کئی دیگر اہم آبی گزرگاہیں بھی موجود ہیں۔ اگر ہم ایک جگہ اس کی اجازت دیں تو دوسروں کے لیے بھی یہی اصول لاگو کرنا پڑے گا۔ میں وہاں بھی اس کی اجازت نہیں دوں گا۔ یہ صورتحال مکمل طور پر کھیل بدل دینے والی ثابت ہوگی۔ایران کے ساتھ مذاکرات کے بارے میں ٹرمپ نے کہا کہ ہم ایران کے ساتھ مذاکرات میں بہت اچھا کر رہے ہیں۔ جن اہم چیزوں کو ہم حاصل کرنا چاہتے تھے، ان میں سے ایک ہمیں حاصل ہو چکی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنگ بہت اچھی جا رہی ہے۔ جیسا کہ آپ جانتے ہیں، ہم واضح برتری حاصل کیے ہوئے ہیں۔ ایران بہت بڑی رعایتیں دے رہا ہے۔ آگے کیا ہوتا ہے، یہ دیکھیں گے، لیکن صورتحال ہمارے لیے بہت مضبوط اور مثبت ہے۔اسی روز وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری نے کہا تھا کہ تیل کی قیمتیں کم ہو کر تقریباً 70 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہیں، جو ایران جنگ سے پہلے کی سطح کے قریب ترین ہیں۔
اس پر تبصرہ کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ممیں دیکھ رہا ہوں کہ تیل کی قیمت 70 ڈالر سے نیچے آ گئی ہے۔ کس نے سوچا تھا کہ جنگ کے دوران ایسا ہوگا؟ اور ایران بہت نرم رویہ اختیار کر رہا ہے۔ وہ میری تقریباً تمام شرائط مان رہا ہے اور اسے ماننا بھی ہوگا، ورنہ ہم دوبارہ وہی اقدامات کریں گے جو ضروری ہوں گے۔
دوسری جانب ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے امریکی محکمہ خارجہ کی ایکس پر کی گئی پوسٹ کے جواب میں کہا کہ جب تک امریکی عسکریت پسندی اور مداخلت پسندی جاری رہے گی، خطے میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ کوئی بھی دھوکا نہیں کھائے گا۔ جب تک امریکی عسکریت پسندی اور مداخلت پسندی جاری ہے اور اس کا قابض اتحادی مکمل استثنیٰ کے ساتھ پورے خطے میں مسلسل جنگیں مسلط کر رہا ہے اور نسل کشی، دہشت گردی، تشدد اور دیگر مظالم کا ارتکاب کر رہا ہے، اس وقت تک ہم ایک پُرامن خطے کا تصور نہیں کر سکتے۔