ایران کے اعلیٰ حکام خامنہ ای کو آخری خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے اکٹھے ہوئے

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 03-07-2026
ایران کے اعلیٰ حکام خامنہ ای کو آخری خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے اکٹھے ہوئے
ایران کے اعلیٰ حکام خامنہ ای کو آخری خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے اکٹھے ہوئے

 



تہران
 ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای، جو رواں سال 28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل کے حملوں میں ہلاک ہو گئے تھے، کی آخری رسومات کے سلسلے میں جمعہ کو تہران کے امام خمینی گرینڈ مصلیٰ میں ایک پُرغم ماحول میں تقریب کا آغاز ہوا، جہاں ایران کی اعلیٰ قیادت اور دنیا بھر سے آئے ہوئے رہنماؤں نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
ایران کی حکومت کے تینوں شعبوں کے سربراہان نے مرحوم رہنما کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر ایرانی فوجی کمانڈر محسن رضائی، وزیر خارجہ عباس عراقچی، ایران کے چیف جسٹس غلام حسین محسنی اژہ ای، پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان بھی موجود تھے۔
اس سے قبل کئی اہم ہندوستانی شخصیات نے بھی ایران کے مرحوم سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ہندوستان میں ایرانی سفارت خانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ہندوستانی معزز شخصیات نے ایران کے شہید رہنما آیت اللہ سید علی خامنہ ای کو خراج عقیدت پیش کیا۔
سفارت خانے کی جانب سے جاری تصویر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی اور کانگریس کے شعبۂ خارجہ امور کے سربراہ سلمان خورشید سمیت دیگر نمائندے ایران روانگی کی تیاری کرتے ہوئے نظر آئے۔
ان سیاسی شخصیات کے روانہ ہونے کے بعد سرکاری وفد بھی نئی دہلی سے ایران کے لیے روانہ ہوا۔ وزیر مملکت برائے امور خارجہ پبیترا مارگریٹا جمعہ کی صبح اپنی رہائش گاہ سے روانہ ہوئے۔ ان کے ساتھ بہار کے گورنر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) سید عطاء حسنین بھی ایران روانہ ہوئے تاکہ مرحوم سپریم لیڈر کی آخری رسومات میں شرکت کر سکیں۔
دنیا بھر سے متعدد رہنما ایرانی سپریم لیڈر کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے تہران پہنچے ہیں۔ سرکاری نشریاتی ادارے پریس ٹی وی کے مطابق، جارجیا کے صدر کاویلاشویلی، عراق کے صدر امیدی اور تاجکستان کے صدر امام علی رحمان بھی تقریب میں شریک ہیں۔
پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور وزیر اعظم شہباز شریف بھی ایران پہنچ چکے ہیں۔اس کے علاوہ حزب اللہ کے مرحوم رہنما سید حسن نصر اللہ، عماد مغنیہ اور دیگر کمانڈروں کے اہل خانہ نے بھی آیت اللہ خامنہ ای کو آخری خراج عقیدت پیش کیا۔ فلسطینی علماء کے وفد، لبنان کی امل تحریک کے نمائندوں، عمان اور روس کے وفود نے بھی تعزیت کا اظہار کیا۔
چین کی نیشنل پیپلز کانگریس کی قائمہ کمیٹی کے نائب چیئرمین ہی وی اور بیلاروس کی ایوان نمائندگان کے چیئرمین ایگور سرگینکو نے بھی تقریب کے موقع پر ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف سے ملاقات کی۔
ایران نے آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی آخری رسومات کے پہلے مرحلے کا آغاز کر دیا ہے، جس میں غیر ملکی معزز شخصیات اور مذہبی رہنما تہران کے گرینڈ مصلیٰ میں انہیں خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔
سیکیورٹی خدشات کے باعث مرحوم سپریم لیڈر کے بیٹے اور موجودہ سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای اپنے والد کی آخری رسومات میں شرکت نہیں کریں گے۔ ہندوستان میں ان کے نمائندے آیت اللہ حکیم الٰہی نے اس کی تصدیق کی ہے۔
علاقائی کشیدگی کے باعث ایران میں سیکیورٹی صورتحال انتہائی حساس بنی ہوئی ہے، خاص طور پر اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز کے اس بیان کے بعد، جس میں انہوں نے مرحوم رہنما کو "موت کے لیے نشان زد" قرار دیا تھا۔
اس کے جواب میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے واضح کیا کہ موجودہ قیادت کے خلاف کسی بھی کارروائی کا فوری اور سخت جواب دیا جائے گا۔ادھر ایران کے اعلیٰ فوجی حکام نے بھی بیرونی قوتوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوگ کے دوران کسی بھی جارحانہ اقدام کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔
ایران کے خاتم الانبیاء مرکزی ہیڈکوارٹر کے کمانڈر میجر جنرل علی عبداللہی نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم ایک مضبوط ایران کے دشمنوں کو خبردار کرتے ہیں کہ وہ کسی بھی غلط فہمی کا شکار نہ ہوں اور ایرانی مسلح افواج کی جانب سے ہر خطرے اور جارحیت کے سخت اور پشیمان کن جواب کو ذہن میں رکھیں۔
آیت اللہ خامنہ ای اور ان کے ساتھیوں کی میتیں جمعہ کی صبح تہران کے گرینڈ مصلیٰ منتقل کی گئیں، جہاں انہیں دو روزہ عوامی الوداعی تقریب سے قبل مرکزی نماز گاہ میں رکھا گیا۔آخری رسومات کے آغاز سے قبل ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے "ایکس" پر ایک پیغام جاری کرتے ہوئے تمام ایرانی عوام سے شرکت کی اپیل کی۔
انہوں نے کہا، "جب بہادر ایران اسلام اور انقلاب کے مخلص خادم کو الوداع کہنے کی تیاری کر رہا ہے، تو میں تمام عوام سے، خواہ ان کا تعلق کسی بھی قومیت، مذہب یا سیاسی نظریے سے ہو، اپیل کرتا ہوں کہ وہ جوش و خروش، وقار اور تاریخی تعداد میں شرکت کر کے قومی اتحاد اور اسلامی نظام سے وفاداری کا مظاہرہ کریں۔
پریس ٹی وی کے مطابق ایرانی حکام کا اندازہ ہے کہ کئی روز تک جاری رہنے والی ان آخری رسومات میں ایک کروڑ پچاس لاکھ سے دو کروڑ افراد تک شرکت کر سکتے ہیں۔سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق، ہفتہ اور اتوار کو بھی گرینڈ مصلیٰ میں عوامی دیدار کا سلسلہ جاری رہے گا، جبکہ پیر کو تہران میں جنازے کا بڑا جلوس نکالا جائے گا۔
بعد ازاں قم میں خصوصی مذہبی رسومات ادا کی جائیں گی، جبکہ عراق کے بغداد، کربلا اور نجف میں بھی تعزیتی تقریبات منعقد ہوں گی، جس کے بعد 9 جولائی کو مشہد میں تدفین عمل میں لائی جائے گی۔