تہران۔ ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ قطر میں موجود ایران کے 6 ارب ڈالر کے منجمد اثاثے امریکہ کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے لیے طے پانے والے ابتدائی معاہدے کے تحت ایران کو واپس کر دیے جائیں گے۔
یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکہ اور ایران کے اعلیٰ سطحی وفود سوئٹزرلینڈ کے سیاحتی مقام برگن اسٹاک پہنچ چکے ہیں جہاں اہم مذاکرات کا آغاز ہو رہا ہے۔سوئس وزارت خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی قیادت میں امریکی وفد۔ ایرانی پارلیمان کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کی سربراہی میں ایرانی وفد اور ثالثی کرنے والے ممالک پاکستان اور قطر کے نمائندے برگن اسٹاک پہنچ چکے ہیں اور مذاکرات کا آغاز متوقع ہے۔
یہ سفارتی عمل سترہ جون کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے درمیان طے پانے والی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت جاری ہے۔ پاکستان اس معاہدے کا ضامن جبکہ قطر ثالث کے طور پر شریک ہے۔صدر پزشکیان نے معاہدے پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مفاہمتی یادداشت کی تمام شقیں ایران کے حق میں ہیں اور ان مذاکرات کے نتائج جلد واضح ہو جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قطر میں موجود ہمارے 6 ارب ڈالر ایران کو واپس مل جائیں گے۔
امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق مجوزہ فریم ورک کے تحت ایران کو قطر میں موجود منجمد اثاثوں تک مرحلہ وار رسائی دی جا سکتی ہے۔ تاہم ان رقوم کا استعمال صرف انسانی ضروریات کی اشیا اور ان سامان کی خریداری کے لیے ممکن ہوگا جو پابندیوں کی زد میں نہیں آتے۔یہ اثاثے دراصل ایرانی تیل کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم ہیں جو پہلے جنوبی کوریا کے مالیاتی اداروں میں موجود تھیں۔ بعد میں 2023 میں قیدیوں کے تبادلے کے ایک معاہدے کے تحت انہیں قطر کے مخصوص بینک کھاتوں میں منتقل کیا گیا تھا۔ سات اکتوبر کے بعد علاقائی کشیدگی بڑھنے پر ان فنڈز تک رسائی معطل کر دی گئی تھی۔
رپورٹ کے مطابق مجوزہ طریقہ کار کے تحت ساٹھ روزہ جنگ بندی اور جاری مذاکرات کے دوران ایران کو مرحلہ وار یہ رقوم فراہم کی جا سکتی ہیں۔ اس عمل کا تعلق آبنائے ہرمز کی بحالی اور جامع معاہدے کی جانب پیش رفت سے بھی جوڑا گیا ہے۔ایک امریکی عہدیدار کے مطابق اگر ایران مذاکرات کے دوران مثبت رویہ اختیار کرتا ہے اور افزودہ یورینیم کے ذخائر کے حوالے سے تعاون کرتا ہے تو اس کے بعض منجمد اثاثے جاری کیے جا سکتے ہیں۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بھی کہا ہے کہ امریکہ نے منجمد ایرانی اثاثوں کی واپسی اور حالیہ جنگی نقصانات کے ازالے کے معاملے پر اقدامات کا وعدہ کیا ہے۔ ان کے مطابق یہ دونوں نکات ایران کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔صدر پزشکیان نے اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سوئٹزرلینڈ میں جاری مذاکرات سے سب سے زیادہ ناخوش ہونے والے شخص نیتن یاہو ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ کی بنیادی تشویش ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق ہے۔ ان کے مطابق ایران پہلے بھی واضح کر چکا ہے کہ وہ ایٹمی ہتھیار حاصل نہیں کرنا چاہتا اور اس حوالے سے امریکہ کی خواہش کے مطابق تحریری یقین دہانی بھی دی جا چکی ہے۔امریکہ اور ایران کے درمیان یہ مذاکرات خطے میں کشیدگی کم کرنے۔ آبنائے ہرمز کی صورتحال کو مستحکم بنانے اور مغربی ایشیا میں دیرپا امن و استحکام کے امکانات کو مضبوط کرنے کے لیے انتہائی اہم تصور کیے جا رہے ہیں۔