دبئی: ایرانی نوبل امن انعام یافتہ اور معروف انسانی حقوق کی کارکن نرگس محمدی کو تہران کے ایک اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے، ان کے حامیوں نے پیر کے روز بتایا۔ 54 سالہ کارکن کے حامیوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں گھر میں رہنے کی اجازت دی جائے تاکہ وہ اپنا فالو اَپ علاج اور روزانہ فزیوتھراپی جاری رکھ سکیں۔
نرگس محمدی کو یکم مئی کو ایران کے شمال مغربی حصے میں جیل سے اسپتال منتقل کیا گیا تھا جب وہ مبینہ طور پر بے ہوش ہو گئی تھیں۔ تقریباً 10 دن بعد انہیں ضمانت پر رہا کر کے تہران کے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں مزید طبی معائنے کیے گئے۔ انہیں 2023 میں جیل کے دوران ہی نوبل امن انعام دیا گیا تھا، جو ایران میں انسانی حقوق اور خواتین کی آزادی کے لیے ان کی طویل جدوجہد کے اعتراف میں تھا۔ ان کی سرگرمیوں کے باعث انہیں متعدد بار گرفتار اور قید کیا جا چکا ہے۔
ان کی تازہ ترین گرفتاری دسمبر میں مشہد سے ہوئی تھی۔ ان کے اہلِ خانہ نے پہلے بھی ان کی بگڑتی ہوئی صحت پر شدید تشویش کا اظہار کیا تھا اور الزام لگایا تھا کہ گرفتاری کے دوران انہیں بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ اہلِ خانہ کے مطابق نرگس محمدی کو مارچ میں دل کا دورہ پڑا تھا اور وہ پھیپھڑوں میں خون کے لوتھڑے (بلڈ کلاٹ) کے مسئلے کا بھی شکار ہیں، جس کے لیے مسلسل خون پتلا کرنے والی ادویات اور قریبی طبی نگرانی ضروری ہے۔