ایران نے امریکہ کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کی خبروں کو مسترد کر دیا

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 18-07-2026
ایران نے امریکہ کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کی خبروں کو مسترد کر دیا
ایران نے امریکہ کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کی خبروں کو مسترد کر دیا

 



تہران :ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے پریس ٹی وی نے ایران اور امریکہ کے درمیان کسی بھی قیدیوں کے تبادلے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان دعوؤں کی تائید میں کوئی ثبوت موجود نہیں۔ ادارے نے یہ بھی واضح کیا کہ حالیہ دنوں میں ایران نے کسی مبینہ جاسوس کو رہا نہیں کیا۔

پریس ٹی وی نے جمعرات کو جاری اپنی رپورٹ میں کہا کہ تحقیقات کے دوران ایران اور امریکہ کے درمیان قیدیوں کے تبادلے سے متعلق کسی بھی دعوے کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ ایران نے حالیہ عرصے میں کسی جاسوس کی رہائی عمل میں نہیں لائی۔

یہ وضاحت ایسے وقت سامنے آئی جب امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز مقامی وقت کے مطابق اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر دعویٰ کیا تھا کہ ایران نے ایک امریکی شہری کو رہا کر دیا ہے۔ ٹرمپ کے مطابق اس شہری کو 2024 میں سابق صدر جو بائیڈن کے دورِ حکومت میں گرفتار کیا گیا تھا۔ انہوں نے رہائی پر ایران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے خیرسگالی کا اقدام قرار دیا اور ساتھ ہی جو بائیڈن کی انتظامیہ پر تنقید بھی کی۔

پریس ٹی وی نے اپنی رپورٹ میں یہ بھی کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ ماضی میں بھی غلط معلومات فراہم کرنے والے ذرائع سے گمراہ ہوتے رہے ہیں۔ رپورٹ میں جنوری 2026 کے احتجاجی واقعات کے بعد آٹھ خواتین قیدیوں کی مبینہ پھانسی اور کرج میں ایک نوجوان کی مبینہ سزائے موت سے متعلق ٹرمپ کے سابقہ دعوؤں کا حوالہ دیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق ایران کی عدلیہ پہلے ہی ان دعوؤں کو مسترد کر چکی ہے اور اس کا کہنا تھا کہ ٹرمپ ایک بار پھر جھوٹی خبروں کا شکار ہوئے ہیں۔اس سے قبل بدھ کے روز ٹرمپ نے ایک اور بیان میں کہا تھا کہ دسمبر 2024 سے ایران میں زیر حراست ایک امریکی خاتون کو رہا کر دیا گیا ہے اور وہ بحفاظت ایران سے نکل چکی ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ امریکہ ایران کے اس خیرسگالی کے اقدام کو سراہتا ہے۔

ٹرمپ نے اپنی پوسٹ میں سابق صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ خاتون کو بائیڈن کے دور میں غلط طور پر حراست میں لیا گیا تھا۔امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق ٹرمپ نے ابتدائی بیان میں خاتون کی شناخت یا رہائی کی مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔ بعد ازاں ان کی وکیل نے خاتون کی شناخت ڈینا کراری کے نام سے کی۔بین الاقوامی انسانی حقوق کے وکیل جیرڈ جینسر نے بھی سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر ڈینا کراری کی رہائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ اب آزاد ہیں اور امریکہ واپس جا رہی ہیں۔ انہوں نے اس رہائی کا سہرا صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مسلسل کوششوں کو دیا۔