ایرانی وزیر خارجہ عراقچی، اسپیکر غالباف نے عمان میں ایران امریکہ مفاہمت کی بات چیت کی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 23-06-2026
ایرانی وزیر خارجہ عراقچی، اسپیکر غالباف نے عمان میں ایران امریکہ مفاہمت کی بات چیت کی
ایرانی وزیر خارجہ عراقچی، اسپیکر غالباف نے عمان میں ایران امریکہ مفاہمت کی بات چیت کی

 



مسقط
ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی اور پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف پیر کے روز اپنے سرکاری دورے کے سلسلے میں مسقط پہنچ گئے۔عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد البوسعیدی نے ایرانی وفد کا استقبال کیا اور انہیں خوش آمدید کہا۔
عمان کی وزارت خارجہ نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں کہا کہ عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد البوسعیدی نے آج شام اسلامی جمہوریہ ایران کی مجلسِ شوریٰ کے اسپیکر ڈاکٹر محمد باقر قالیباف اور ان کے ہمراہ وفد کا استقبال کیا۔ اس موقع پر ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر سید عباس عراقچی بھی موجود تھے، جو سلطنت عمان کے سرکاری دورے پر آئے ہیں۔
وزارت کے مطابق ملاقات کے دوران عمان اور ایران کے درمیان تعاون اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ ایران اور امریکہ کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) اور آبنائے ہرمز سے متعلق حالیہ اعلانات پر بھی تعمیری گفتگو ہوئی۔
بیان میں کہا گیا کہ ملاقات کے دوران سلطنت عمان اور اسلامی جمہوریہ ایران کے درمیان تعاون اور حسنِ ہمسائیگی کے تعلقات اور انہیں مشترکہ مفادات کے مطابق مزید فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ خطے کی تازہ صورتحال پر بھی آراء کا تبادلہ ہوا۔ دونوں فریقوں نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ سفارتی موقع کو امن کی کوششوں، کشیدگی میں کمی اور استحکام کے فروغ کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے، جو بین الاقوامی قانون اور حسنِ ہمسائیگی کے اصولوں کے مطابق ہو۔ اس سے خطے کے امن، آبنائے ہرمز اور بین الاقوامی آبی گزرگاہوں میں بحری جہازوں کی محفوظ آمدورفت کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔
اس ملاقات میں عمانی وزارت خارجہ کے انڈر سیکریٹری شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ الحنائی، عمان میں ایران کے سفیر موسیٰ فرہنگ اور دونوں ممالک کے متعدد اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد البوسعیدی نے ایکس پر ایک اور پیغام میں ایرانی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے بین الاقوامی قانون سے وابستگی کا اعادہ کیا۔
انہوں نے لکھا کہ آج شام مسقط میں ایران کے پارلیمانی اسپیکر ڈاکٹر محمد باقر قالیباف اور وزیر خارجہ ڈاکٹر سید عباس عراقچی کا خیرمقدم کیا۔ ایران-امریکہ مفاہمتی یادداشت، خصوصاً آبنائے ہرمز سے متعلق شق پر تعمیری بات چیت ہوئی۔ ہم نے بین الاقوامی قانون اور بلا معاوضہ محفوظ بحری گزرگاہ کے عزم کا اعادہ کیا۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران اور امریکہ نے آبنائے ہرمز میں کسی بھی حادثے یا غلط فہمی سے بچنے کے لیے براہِ راست رابطے کا ایک نظام قائم کیا ہے۔ قطر اور پاکستان نے پیر کو 14 نکاتی مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کے تحت ہونے والے اعلیٰ سطحی مذاکرات کے پہلے دور کے بعد اس پیش رفت کا اعلان کیا۔
مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ اس کے علاوہ مفاہمتی یادداشت کی شق 5 میں بیان کردہ مدت کے لیے دونوں فریقوں کے درمیان ایک مواصلاتی رابطہ قائم کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی حادثے یا غلط فہمی سے بچا جا سکے اور آبنائے ہرمز کے ذریعے تجارتی جہازوں کی محفوظ آمدورفت کو یقینی بنایا جا سکے۔