امریکہ کے حملے کی صورت میں ویسا ہی جواب دیا جائے گا: ایران کی وارننگ

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 06-04-2026
امریکہ کے حملے کی صورت میں ویسا ہی جواب دیا جائے گا: ایران کی وارننگ
امریکہ کے حملے کی صورت میں ویسا ہی جواب دیا جائے گا: ایران کی وارننگ

 



 تہران: ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے امریکی صدر کی دھمکیوں پر ردعمل دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران کے بنیادی ڈھانچے پر کوئی حملہ کیا گیا تو اس کا ویسا ہی جواب دیا جائے گا۔

اسماعیل بقائی کے مطابق ایران کی مسلح افواج پہلے ہی واضح کر چکی ہیں کہ ملک کے انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا گیا تو جواب بھی اسی نوعیت کا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران ایسی کسی بھی تنصیب کو نشانہ بنائے گا جو امریکہ کی ملکیت ہو یا کسی بھی طرح ایران کے خلاف جارحیت میں معاون ثابت ہو۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ اگر تہران امریکہ کے ساتھ معاہدہ نہیں کرتا اور آبنائے ہرمز کو نہیں کھولتا تو اس کے خلاف سخت فوجی کارروائی کی جائے گی۔ ایک انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا کہ اگر معاہدہ نہ ہوا تو وہ ایران میں سب کچھ تباہ کر دیں گے تاہم انہوں نے یہ بھی عندیہ دیا کہ بات چیت جاری ہے اور معاہدہ ممکن ہے۔

اس سے قبل ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر سخت بیان دیتے ہوئے ایران کے اہم توانائی اور شہری بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی تھی اور کہا تھا کہ اگر مطالبات پورے نہ کیے گئے تو منگل کا دن فیصلہ کن ہوگا۔

ادھر امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی مسلسل بڑھ رہی ہے جہاں ایک طرف سفارتی کوششیں جاری ہیں تو دوسری جانب دونوں جانب سے سخت بیانات بھی سامنے آ رہے ہیں۔