ایران مذاکرات: ایرانی قیادت میں اختلافات بڑھ رہے ہیں۔ مارکو روبیو

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 20-07-2026
ایران مذاکرات: ایرانی قیادت میں اختلافات بڑھ رہے ہیں۔ مارکو روبیو
ایران مذاکرات: ایرانی قیادت میں اختلافات بڑھ رہے ہیں۔ مارکو روبیو

 



واشنگٹن: امریکہ کے وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ امریکہ کو مختلف ذرائع سے ایسے اشارے مل رہے ہیں کہ ایران مذاکرات کا خواہاں ہے جبکہ ایرانی قیادت کے اندر اختلافات بھی بڑھتے جا رہے ہیں۔سی این این سے گفتگو کرتے ہوئے روبیو نے کہا کہ امریکہ کو متعدد ذرائع سے ایران کی جانب سے بات چیت کی خواہش کے اشارے مل رہے ہیں لیکن ایرانی نظام کے اندر واضح اختلافات پیدا ہو چکے ہیں۔

یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکہ اور ایران کے درمیان فوجی کشیدگی مسلسل جاری ہے۔ امریکہ کا کہنا ہے کہ اس کے حملوں کا مقصد ایران کی ان فوجی صلاحیتوں کو کمزور کرنا ہے جو آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں پر حملوں سے وابستہ ہیں۔فلپائن روانگی سے قبل آسیان وزرائے خارجہ اجلاس کے لیے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مارکو روبیو نے کہا کہ امریکہ عالمی بحری تجارت کے تحفظ کے لیے اپنی کارروائیاں جاری رکھے گا لیکن دیگر ممالک کو بھی اس ذمہ داری میں عملی یا مالی تعاون کرنا چاہیے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایران آبنائے ہرمز کو دنیا پر دباؤ ڈالنے کے ایک ذریعے کے طور پر استعمال کرنا چاہتا ہے۔روبیو نے کہا کہ امریکہ سفارتی حل کے لیے ہمیشہ تیار ہے لیکن کوئی بھی ممکنہ معاہدہ حقیقی۔ قابل عمل اور اس پر مکمل عمل درآمد کے قابل ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اگر ایران کسی معاہدے کی بنیادی شرائط کی خلاف ورزی کرے تو ایسا معاہدہ برقرار نہیں رہ سکتا۔ امریکہ نے ماضی میں بھی کئی بار ایران کے ساتھ سفارتی کوششیں کی ہیں اور آئندہ بھی یہ کوششیں جاری رہیں گی۔

ادھر امریکی فضائی حملوں کا سلسلہ نویں مسلسل رات میں داخل ہو گیا ہے۔ ایرانی سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق جنوبی ساحلی علاقوں اور شمال مغربی شہر تبریز میں متعدد دھماکے ہوئے ہیں جس سے فوجی کارروائیوں کا دائرہ مزید وسیع ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فیفا ورلڈ کپ فائنل سے واپسی پر کہا کہ تازہ حملے خطے میں ہلاک ہونے والے تین امریکی فوجیوں کے جواب میں کیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کارروائیوں کا مقصد ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا ہے۔آبنائے ہرمز اس وقت بھی عالمی کشیدگی کا اہم مرکز بنی ہوئی ہے جہاں سے دنیا کے تیل اور قدرتی گیس کی بڑی مقدار گزرتی ہے۔