امریکہ کے ساتھ کسی حتمی معاہدے کی خبروں کی تردید، رپورٹس “محض قیاس آرائی”- ایران

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 12-06-2026
 امریکہ کے ساتھ کسی حتمی معاہدے کی  خبروں کی تردید، رپورٹس “محض قیاس آرائی”- ایران
امریکہ کے ساتھ کسی حتمی معاہدے کی خبروں کی تردید، رپورٹس “محض قیاس آرائی”- ایران

 



تہران (بین الاقوامی ذرائع): ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے امریکہ کے ساتھ کسی حتمی معاہدے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالے سے سامنے آنے والی رپورٹس “محض قیاس آرائی” ہیں اور تہران نے ابھی تک کسی بھی معاہدے پر حتمی فیصلہ نہیں کیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، ایرانی خبر ایجنسی ارنا کے حوالے سے سی این این نے رپورٹ کیا ہے کہ اسماعیل بقائی نے کہا مذاکرات کے عمل میں کچھ پیش رفت ضرور ہوئی ہے لیکن ایران کسی بھی ڈیل پر آخری فیصلہ نہیں کر سکا۔

انہوں نے کہا کہ قطر اور پاکستان اس عمل میں “فعال ثالث” کے طور پر کردار ادا کر رہے ہیں، تاہم امریکہ کے اقدامات سفارتی عمل کو متاثر کر رہے ہیں۔

ان کے مطابق، “شروع سے ہی مذاکرات کی صورتحال واضح تھی اور متن کا بڑا حصہ پہلے ہی طے پا چکا تھا، تاہم امریکی فریق اپنی پوزیشنز تبدیل کرتا رہا۔”

اسماعیل بقائی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران نے اپنے “ریڈ لائنز” پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا اور نہ ہی آئندہ کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ “اب تک ایران نے کسی بھی معاہدے پر حتمی فیصلہ نہیں کیا۔”

انہوں نے مزید خبردار کیا کہ امریکہ کی پالیسیوں کی وجہ سے آبنائے ہرمز کی صورتحال زیادہ غیر محفوظ ہو گئی ہے۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران کے ساتھ ایک “بڑا معاہدہ” طے پا چکا ہے جو جلد حتمی شکل اختیار کر سکتا ہے، اور اس معاہدے کے تحت کشیدگی ختم ہونے کی امید ہے۔

ٹرمپ کے مطابق ایران سے متعلق یہ معاہدہ جلد یورپ میں دستخط کے لیے پیش کیا جا سکتا ہے، جس میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس ان کی نمائندگی کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اس معاہدے کے بعد آبنائے ہرمز دوبارہ کھل جائے گی اور ایران کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کر سکے گا۔

اسی طرح وائٹ ہاؤس میں گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ “ہم نے ایران کے ساتھ ایک بڑا معاہدہ کیا ہے، دستاویزات حتمی شکل میں ہیں اور جلد دستخط ہو جائیں گے۔”

تاہم ایران نے ان تمام دعوؤں کو قبل از وقت اور غیر مصدقہ قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ مذاکرات جاری ہیں مگر کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔