لندن:ایران کے نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای بے ہوش حالت میں قم شہر میں زیر علاج ہیں۔ برطانوی اخبار دی ٹائمز یو کے نے منگل کے روز ایک انٹیلی جنس رپورٹ کے حوالے سے یہ دعویٰ کیا ہے۔دی ٹائمز یو کے کے مطابق یہ سفارتی میمو امریکی اور اسرائیلی انٹیلی جنس معلومات پر مبنی ہے جو خلیجی اتحادیوں کے ساتھ شیئر کی گئی ہیں۔ اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مجتبیٰ خامنہ ای شدید نوعیت کی بیماری میں مبتلا ہیں اور بے ہوشی کی حالت میں ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ خامنہ ای قم میں زیر علاج ہیں اور اپنی خراب صحت کی وجہ سے حکومتی فیصلوں میں حصہ لینے کے قابل نہیں ہیں۔اخبار کے مطابق اس میمو میں پہلی بار سپریم لیڈر کے مقام کا انکشاف کیا گیا ہے۔
دی ٹائمز نے مزید بتایا کہ امریکی نیشنل سیکیورٹی ایجنسی جس کا کام عالمی سطح پر انٹیلی جنس معلومات جمع کرنا ہے اس میمو کے حوالے سے رابطہ کیا گیا ہے۔ اسی طرح واشنگٹن میں ایران کے نمائندہ دفتر سے بھی رابطہ کیا گیا جو پاکستانی سفارت خانے میں قائم ہے۔مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے بعد سے مجتبیٰ خامنہ ای عوام کے سامنے نہیں آئے ہیں اور ان سے منسوب پیغامات ایرانی سرکاری میڈیا کے ذریعے جاری کیے جا رہے ہیں۔
دریں اثنا دی ٹائمز کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بزرگ خامنہ ای کی تدفین کی تیاریاں قم میں کی جا رہی ہیں۔یہ رپورٹ ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو معاہدہ کرنے کے لیے منگل رات 8 بجے تک کی مہلت دی ہے اور خبردار کیا ہے کہ اس کے بعد پل اور بجلی گھر باقی نہیں رہیں گے۔
وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ یہ ایک نازک مرحلہ ہے اور واشنگٹن نے تہران کو جنگ ختم کرنے کے لیے کافی وقت دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک اہم وقت ہے انہوں نے 7 دن کی توسیع مانگی تھی میں نے انہیں 10 دن دیے اب ان کے پاس کل تک کا وقت ہے ہم دیکھیں گے کیا ہوتا ہے بہت سے لوگ اس سے متاثر ہو رہے ہیں ہم انہیں کل رات 8 بجے تک کا وقت دے رہے ہیں اس کے بعد نہ پل ہوں گے نہ بجلی گھر اور حالات پتھر کے دور جیسے ہو جائیں گے۔
ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ جب یہ تنازع 28 فروری کو شروع ہوا تو وہ ایک زیادہ طاقتور ایران کا سامنا کر رہے تھے لیکن اب ایسا نہیں ہے۔ ان کے مطابق امریکہ نے ایران کی قیادت کو کمزور کر دیا ہے اور یہ اقدامات بہت پہلے اٹھائے جانے چاہیے تھے۔انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں سب کچھ ٹھیک جا رہا ہے لیکن ہمیں دیکھنا ہوگا ہم 47 سال سے ان لوگوں کے ساتھ معاملہ کر رہے ہیں ایک ماہ پہلے ایران زیادہ طاقتور تھا لیکن اب نہیں رہا اب اس کی قیادت ختم ہو چکی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ کام پہلے 7 صدور کو کرنا چاہیے تھا اور اب سب کہہ رہے ہیں کہ یہ پہلے ہونا چاہیے تھا یہ کوئی ایسا کام نہیں جو مجھے پسند ہو۔