آبنائے ہرمز میں دو جہازوں کی ضبطی، امریکی جنگ بندی میں توسیع کے بعد ایران کا دعویٰ

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 22-04-2026
آبنائے ہرمز میں دو جہازوں کی ضبطی، امریکی جنگ بندی میں توسیع کے بعد ایران کا دعویٰ
آبنائے ہرمز میں دو جہازوں کی ضبطی، امریکی جنگ بندی میں توسیع کے بعد ایران کا دعویٰ

 



تہران:ایران کی اسلامی انقلابی گارڈ کور نے بدھ کے روز دعویٰ کیا ہے کہ اس کی بحریہ نے آبنائے ہرمز میں دو جہازوں کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔ ایران کے مطابق یہ جہاز اس کی علاقائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بغیر اجازت اس اہم سمندری راستے سے نکلنے کی کوشش کر رہے تھے۔

یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب چند گھنٹے قبل امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عارضی جنگ بندی میں غیر معینہ مدت تک توسیع کا اعلان کیا تھا۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق ان جہازوں کے نام ایم ایس سی فرانسسکا اور ایپامینوڈس بتائے گئے ہیں۔ ایران نے الزام لگایا کہ یہ جہاز اس اہم سمندری راستے سے گزرتے ہوئے مختلف خلاف ورزیوں میں ملوث تھے۔

آئی آر جی سی کے بیان میں کہا گیا کہ یہ جہاز خفیہ طور پر آبنائے ہرمز سے نکلنے کی کوشش کر رہے تھے اور انہوں نے بار بار قوانین کی خلاف ورزی کی۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ جہازوں نے نیویگیشن سسٹم میں چھیڑ چھاڑ کی اور سمندری سلامتی کو خطرے میں ڈالا۔

ایرانی بحریہ کے مطابق ان جہازوں کی نشاندہی خفیہ نگرانی کے ذریعے کی گئی اور بعد میں انہیں روک کر ایرانی حدود میں لے جایا گیا جہاں ان کے سامان اور دستاویزات کی جانچ کی جا رہی ہے۔

آئی آر جی سی نے اس بات پر زور دیا کہ آبنائے ہرمز پر اس کا مکمل کنٹرول ہے اور کسی بھی خلاف ورزی کو سختی سے دیکھا جائے گا۔ بیان میں کہا گیا کہ جو بھی ایران کے طے کردہ قوانین کی خلاف ورزی کرے گا اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

یہ واقعہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کی ایک اہم علامت سمجھا جا رہا ہے خاص طور پر اس سمندری راستے میں جہاں دنیا کی بڑی مقدار میں تیل کی ترسیل ہوتی ہے۔

اسی دن برطانیہ کی سمندری تجارتی تنظیم نے بھی دو الگ واقعات کی اطلاع دی جس سے خطے میں سیکیورٹی خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔ایک واقعے میں ایران کے ساحل سے تقریباً 8 ناٹیکل میل دور ایک مال بردار جہاز پر فائرنگ کی گئی جس کے بعد جہاز کو رکنا پڑا۔ عملہ محفوظ رہا اور کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی لیکن اس واقعے نے خدشات کو بڑھا دیا۔

دوسرے واقعے میں عمان کے شمال مشرق میں موجود ایک کنٹینر جہاز کے قریب ایک مسلح کشتی آئی جسے آئی آر جی سی سے جوڑا گیا۔ جہاز کے کپتان نے فائرنگ کی جس سے جہاز کے اگلے حصے کو نقصان پہنچا تاہم تمام عملہ محفوظ رہا اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

یہ دونوں واقعات اس اہم عالمی تجارتی راستے میں بڑھتے ہوئے خطرات کو ظاہر کرتے ہیں جہاں سے روزانہ بڑی تعداد میں جہاز گزرتے ہیں۔

یہ صورتحال ایسے وقت میں پیدا ہوئی ہے جب سفارتی سطح پر بھی کشیدگی برقرار ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا کہ ایران کے ساتھ جنگ بندی میں غیر معینہ مدت تک توسیع کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ پاکستان کی ثالثی کی درخواست اور ایران کی قیادت کو متحد امن منصوبہ پیش کرنے کا موقع دینے کے لیے کیا گیا ہے۔دوسری جانب امریکہ نے ایرانی بندرگاہوں کی بحری ناکہ بندی برقرار رکھی ہے جسے تہران نے شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کسی بمباری سے کم نہیں۔ ایران کے مطابق اسی کے ردعمل میں یہ حالیہ کارروائیاں کی گئی ہیں۔