مسقط میں ایران اور عمان کے درمیان محفوظ بحری راستوں اور علاقائی استحکام پر اہم بات چیت

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 27-04-2026
مسقط میں ایران اور عمان کے درمیان محفوظ بحری راستوں اور علاقائی استحکام پر اہم بات چیت
مسقط میں ایران اور عمان کے درمیان محفوظ بحری راستوں اور علاقائی استحکام پر اہم بات چیت

 



 مسقط: ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے عمان کے سلطان ہیثم بن طارق سے مسقط میں اعلیٰ سطحی ملاقات کی جس میں خطے میں استحکام اور آبنائے ہرمز میں محفوظ بحری آمد و رفت کو یقینی بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایرانی وزیر خارجہ نے سماجی رابطے کی ویب گاہ پر اپنے بیان میں کہا کہ عمان میں ان کی میزبانی پر وہ شکر گزار ہیں اور اس ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ علاقائی صورتحال پر اہم گفتگو ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز سے متصل ممالک کے طور پر ان کی توجہ اس بات پر مرکوز ہے کہ سمندری راستوں کو محفوظ بنایا جائے تاکہ خطے اور دنیا کے تمام ممالک کو فائدہ پہنچ سکے۔

یہ ملاقات مسقط کے القصر البرکہ میں منعقد ہوئی جہاں دونوں رہنماؤں نے خطے میں جاری کشیدگی اور بحرانوں کے حل کے لیے سفارتی ذرائع اور مذاکرات کو فروغ دینے پر زور دیا۔ اس موقع پر ایران کی جانب سے حالیہ پیش رفت اور جاری تنازعات کے حوالے سے اپنا مؤقف بھی پیش کیا گیا۔

عباس عراقچی نے خطے میں امن و استحکام کے لیے عمان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ عمان مسلسل مذاکرات اور ثالثی کے ذریعے کشیدگی کم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ دوسری جانب سلطان ہیثم بن طارق نے بھی اس عزم کا اعادہ کیا کہ عمان خطے میں امن کے قیام کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے گا اور تمام فریقین کو بات چیت کے ذریعے مسائل حل کرنے کی ضرورت ہے۔

یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ کشیدگی کے باعث خطے کی صورتحال حساس ہے اور ایران مختلف ممالک کے ساتھ سفارتی رابطوں میں تیزی لا رہا ہے۔ عمان ماضی میں بھی علاقائی تنازعات میں ثالثی کا کردار ادا کرتا رہا ہے اور ایران اور مغربی ممالک کے درمیان بالواسطہ مذاکرات میں اہم کردار ادا کر چکا ہے۔

عمان کے دورے کے بعد ایرانی وزیر خارجہ پاکستان پہنچے جہاں انہوں نے اعلیٰ سول اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں جن میں آرمی چیف عاصم منیر بھی شامل تھے۔ بعد ازاں وہ مزید مشاورت کے لیے روس روانہ ہو گئے۔