ایرانی سفیر نے ہندوستانیوں کا شکریہ ادا کیا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 05-06-2026
ایرانی سفیر نے ہندوستانیوں کا شکریہ ادا کیا
ایرانی سفیر نے ہندوستانیوں کا شکریہ ادا کیا

 



نئی دہلی
ہندوستان میں ایران کے سفیر محمد فتح علی نے مغربی ایشیا کے تنازع کے دوران ہندوستانی عوام کی حمایت اور یکجہتی پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ جمعرات کو نئی دہلی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد فتح علی نے کہا کہ ہندوستانی عوام ایرانیوں کے ساتھ ’’کندھے سے کندھا ملا کر‘‘ کھڑے رہے اور اس مشکل وقت میں گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
ایران کلچر ہاؤس میں منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بحران کے اس نہایت نازک دور میں، جب ہم اپنے رہنماؤں کے نقصان پر سوگوار تھے، اس پورے ملک کے لوگ ہمارے ساتھ کھڑے رہے۔ انہوں نے ہمارے ساتھ بھرپور یکجہتی کا مظاہرہ کیا اور گہری ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔ لوگ آگے آئے اور ہمارے غم میں شریک ہوئے۔ اس پر ہم ہندوستان کے عوام، اس ملک کے شہریوں، خواہ ان کا تعلق کسی بھی مذہب سے ہو، کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس مشکل مرحلے میں ہندوستانی عوام کی حمایت دونوں قدیم تہذیبوں کے درمیان گہرے تاریخی اور ثقافتی رشتوں کی عکاس ہے۔مغربی ایشیا میں جاری کشیدگی کے دوران ہندوستان نے ایران اور خلیجی خطے کی صورتحال پر گہری تشویش ظاہر کی ہے اور تنازع کے جلد خاتمے کے لیے مذاکرات اور سفارتی حل پر زور دیا ہے۔
گزشتہ ہفتے محمد فتح علی نے نئی دہلی کو یقین دہانی کرائی تھی کہ مغربی ایشیا میں مقیم اور کام کرنے والے تمام ہندوستانی شہریوں کی سلامتی تہران کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔اے این آئی کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں ایرانی سفیر نے خطے میں موجود لاکھوں ہندوستانی شہریوں کی سلامتی سے متعلق خدشات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مغربی ایشیا میں رہنے اور کام کرنے والے ہندوستانی شہریوں سمیت خطے کے تمام ممالک کے عوام کی سلامتی اور امن ہمارے لیے بہت اہم ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران نئی دہلی کے ساتھ اپنے تاریخی، ثقافتی اور سفارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے اور عالمی سطح پر امن و استحکام کے فروغ میں ہندوستان کے کردار کا خیرمقدم کرتا ہے۔