ایران امریکی تجویز کا اپنی رفتار سے جائزہ لے رہا ہے : رپورٹ

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 09-05-2026
ایران امریکی تجویز کا اپنی رفتار سے جائزہ لے رہا ہے : رپورٹ
ایران امریکی تجویز کا اپنی رفتار سے جائزہ لے رہا ہے : رپورٹ

 



تہران
ایران نے ہفتہ کے روز کہا کہ مغربی ایشیا کے جاری تنازع سے متعلق امریکہ کی تجویز کا اب بھی جائزہ لیا جا رہا ہے اور مناسب وقت پر اس کا جواب دیا جائے گا۔ یہ بات الجزیرہ کی ایک رپورٹ میں کہی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق توقع کی جا رہی تھی کہ تہران جمعہ کو اپنا جواب دے گا، کیونکہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اشارہ دیا تھا کہ واشنگٹن ایران کے جواب کا منتظر ہے۔
تاہم ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ تجویز ابھی زیرِ غور ہے اور واشنگٹن کی جانب سے ڈیڈ لائن کے دباؤ کو مسترد کر دیا۔بقائی کے حوالے سے کہا گیا کہ امریکی سیاستدانوں کی مقرر کردہ ڈیڈ لائنز ہمارے لیے کوئی معنی نہیں رکھتیں۔ ہم اپنا کام اپنی رفتار سے کرتے ہیں اور ڈیڈ لائن یا دھمکیوں کی پروا نہیں کرتے۔الجزیرہ کے مطابق تاخیر کی ایک بڑی وجہ تجویز کی پیچیدہ تکنیکی نوعیت ہے، جس کے باعث ایرانی مذاکرات کار دستاویز کی ہر شق کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں، تاکہ جواب کو حتمی شکل دی جا سکے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ایران کے کئی اداروں اور سینئر حکام کی منظوری بھی ضروری ہے، اس کے بعد ہی باضابطہ جواب تیار کیا جا سکے گا۔اطلاعات کے مطابق مذاکراتی عمل میں پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف، اسلامی انقلابی گارڈ کور (آئی آر جی سی) اور ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل شامل ہیں، جو بڑے سکیورٹی معاملات بشمول جاری تنازع کی نگرانی کرتی ہے۔الجزیرہ نے مزید رپورٹ کیا کہ ایران کے سپریم لیڈر کی منظوری کے بعد ہی حتمی جواب واشنگٹن کو بھیجا جائے گا۔تاخیر کے باوجود ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ بات چیت جاری ہے اور تجویز کا اندرونی سطح پر جائزہ لیا جا رہا ہے۔اس سے قبل جمعہ کو مقامی وقت کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ان کی انتظامیہ مغربی ایشیا کے جاری تنازع کے خاتمے کے لیے واشنگٹن کی تجویز پر ایران کے جواب کی منتظر ہے۔
ورجینیا کے اسٹرلنگ میں اپنے گالف کورس پر عشائیے کے لیے روانگی سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا، ’’ممکنہ طور پر آج رات ہمیں ان کی طرف سے جواب مل جائے گا،‘‘ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا تہران نے کوئی جواب دیا ہے۔جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا ایران جان بوجھ کر عمل میں تاخیر کر رہا ہے، تو ٹرمپ نے کہا کہ وہ اس بارے میں یقین سے کچھ نہیں کہہ سکتے اور مزید کہا، ’’ہم جلد ہی جان لیں گے۔ٹرمپ کے یہ بیانات اس وقت سامنے آئے جب امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ واشنگٹن کو جمعہ کے روز ایران کے جواب کی توقع ہے اور امید ظاہر کی کہ یہ ’’ایک سنجیدہ پیشکش‘‘ ہوگی۔
روبیو نے روم میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، کہ آج ہمیں کچھ نہ کچھ معلوم ہو جانا چاہیے۔روبیو اس وقت امریکہ اور یورپ کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے دوران اٹلی اور ویٹیکن کے سفارتی دورے پر ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب تک ہمیں کوئی جواب موصول نہیں ہوا،‘‘ اور مزید کہا کہ ایران کی اندرونی صورتحال بھی تاخیر کی وجہ بن سکتی ہے۔
روبیو نے کہا کہ ان کا نظام اب بھی شدید تقسیم کا شکار اور غیر مؤثر ہے، یہی رکاوٹ بن سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ واشنگٹن کو امید ہے کہ ایران کا جواب ’’سنجیدہ مذاکراتی عمل‘‘ کا راستہ ہموار کرے گا۔ادھر جمعرات کو ٹرمپ نے اس سوال کے جواب میں کہ آیا ایران نے مبینہ ’’ایک صفحے پر مشتمل تجویز‘‘ پر بات چیت کی ہے، اس وضاحت کو چیلنج کیا۔
ٹرمپ نے کہا کہ یہ صرف ایک صفحے کی پیشکش نہیں ہے۔ یہ ایک ایسی تجویز ہے جس میں بنیادی طور پر کہا گیا ہے کہ وہ جوہری ہتھیار نہیں رکھیں گے، وہ ہمیں جوہری مواد کی باقیات اور بہت سی دوسری چیزیں دیں گے جو ہم چاہتے ہیں۔جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ایرانی قیادت نے ان شرائط سے اتفاق کر لیا ہے، تو ٹرمپ نے کہا کہ زبانی اتفاق ہمیشہ حتمی حل کی ضمانت نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ وہ مان جاتے ہیں، لیکن اس کا زیادہ مطلب نہیں ہوتا کیونکہ اگلے دن وہ بھول جاتے ہیں کہ وہ مان چکے تھے۔ٹرمپ نے مزید کہا کہ اور آپ جانتے ہیں، ہم مختلف قسم کی قیادتوں کے ساتھ معاملہ کر رہے ہیں۔