ایران نے امن مذاکرات کے لیے امریکہ سے خفیہ رابطہ کیا :رپورٹ

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 05-03-2026
ایران نے امن مذاکرات کے لیے امریکہ سے خفیہ رابطہ کیا :رپورٹ
ایران نے امن مذاکرات کے لیے امریکہ سے خفیہ رابطہ کیا :رپورٹ

 



واشنگٹن ڈی سی۔:مغرب کے خلاف سخت مؤقف رکھنے کے باوجود ایران کی وزارت انٹیلی جنس سے وابستہ اہلکاروں نے بالواسطہ طور پر امریکی خفیہ ادارے سے رابطہ کیا اور جاری تنازع کے خاتمے کے لیے شرائط پر بات چیت کی پیشکش کی۔ یہ دعویٰ ایک امریکی اخبار نے باخبر ذرائع کے حوالے سے کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ واضح نہیں ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ایرانی قیادت اس پیشکش پر سنجیدگی سے غور کریں گے یا نہیں۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اسرائیلی حملے میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی ہلاکت کے بعد ایرانی حکومت شدید بحران کا شکار ہے۔

اسرائیلی حکام جو ایران کی فوجی صلاحیت کو زیادہ سے زیادہ نقصان پہنچانے کے لیے طویل مہم چاہتے ہیں انہوں نے امریکہ پر زور دیا ہے کہ وہ اس رابطے کو نظر انداز کرے۔ واشنگٹن میں فی الحال اس پیشکش کو سنجیدہ نہیں سمجھا جا رہا۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ حالیہ امریکی اور اسرائیلی حملوں سے تہران میں واقع گلستان محل کو نقصان پہنچا ہے جو عالمی ثقافتی ورثہ قرار دیا گیا ہے۔

یہ خفیہ پیشکش ایسے وقت میں سامنے آئی جب صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے لیے مذاکرات دوبارہ شروع کرنے میں بہت دیر ہو چکی ہے۔ انہوں نے اپنی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر دعویٰ کیا کہ ایران کا فضائی دفاع فضائیہ بحریہ اور قیادت ختم ہو چکی ہے اور اب وہ بات چیت کرنا چاہتے ہیں۔

ایران کے مرحوم سپریم لیڈر کے نمائندے عبدالمجید حکیم الٰہی نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ایران مذاکرات کے لیے تیار ہے لیکن باوقار انداز میں۔

امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگستھ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ فیصلہ کن طور پر جنگ میں برتری حاصل کر رہا ہے اور چند دنوں میں ایرانی فضائی حدود پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا جائے گا۔

رپورٹس کے مطابق اسرائیل نے منگل کو اس مقام پر حملہ کیا جہاں اعلیٰ ایرانی علما سپریم لیڈر کے جانشین کے انتخاب کے لیے اجلاس کر رہے تھے۔ اس سے قبل امریکی خفیہ ادارے نے ممکنہ قیادت کے منظرناموں پر جائزہ بھی تیار کیا تھا تاہم کسی بھی امکان پر مکمل اعتماد ظاہر نہیں کیا گیا۔

ایران کے سابق بادشاہ کے بیٹے رضا پہلوی کے بارے میں سوال پر ٹرمپ نے کہا کہ وہ ایک اچھے انسان لگتے ہیں لیکن وہ ایسے شخص کو ترجیح دیں گے جو ایران کے اندر موجود ہو اور مقبولیت رکھتا ہو۔

رپورٹ کے مطابق مجتبیٰ خامنہ ای اپنے والد کے ممکنہ جانشین کے طور پر نمایاں امیدوار ہیں اور علما جلد نئے سپریم لیڈر کا اعلان کر سکتے ہیں۔

ایران اور لبنان میں امریکی اور اسرائیلی حملے جاری ہیں۔ بیروت اور قم سمیت مختلف علاقوں میں کارروائیاں ہو رہی ہیں جبکہ دونوں ممالک میں ہلاکتوں کی تعداد 800 سے تجاوز کر چکی ہے۔