ایران کی تین مرحلوں پر مشتمل تجویز: آبنائے ہرمز کھولنے کے بدلے امریکی ناکہ بندی کے خاتمے کا مطالبہ

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 29-04-2026
ایران کی تین مرحلوں پر مشتمل تجویز: آبنائے ہرمز کھولنے کے بدلے امریکی ناکہ بندی کے خاتمے کا مطالبہ
ایران کی تین مرحلوں پر مشتمل تجویز: آبنائے ہرمز کھولنے کے بدلے امریکی ناکہ بندی کے خاتمے کا مطالبہ

 



واشنگٹن: مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کی ایک اہم سفارتی کوشش کے تحت ایران نے ایک نئی تجویز پیش کی ہے جس میں آبنائے ہرمز میں اپنی فوجی سرگرمیاں روکنے کی پیشکش کی گئی ہے۔ یہ پیشکش اس شرط سے مشروط ہے کہ امریکہ اپنی ناکہ بندی ختم کرے اور جنگ کا مکمل خاتمہ کیا جائے۔

دی وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق یہ سفارتی منصوبہ ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کی جانب سے پیش کیا گیا ہے، جس کا مقصد تعطل کا شکار مذاکرات کو بحال کرنا اور خطے میں تناؤ کم کرنا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس منصوبے کے تحت ایران کے جوہری پروگرام پر بات چیت کو فی الحال مؤخر کر دیا جائے گا۔ اگرچہ اس تجویز پر غور جاری ہے، تاہم اقوام متحدہ میں ایران کے مشن نے ابھی تک کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا۔

اسی سلسلے میں عراقچی نے روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات بھی کی، جہاں روس نے ایران کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے مسئلے کے حل کے لیے سفارتی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرو لائن لیویٹ نے تصدیق کی کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس تجویز پر اپنے قومی سلامتی کے مشیروں کے ساتھ غور کیا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے محتاط انداز میں کہا کہ ایران معاہدے کے لیے سنجیدہ دکھائی دیتا ہے، تاہم امریکہ اسے اس اہم آبی گزرگاہ پر مکمل کنٹرول دینے کے حق میں نہیں ہے۔

یہ کشیدگی اس وقت شدت اختیار کر گئی تھی جب امریکہ نے ایرانی بندرگاہوں پر بحری ناکہ بندی نافذ کی، جو ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کی عملی بندش کے ردعمل میں تھی۔

رپورٹ کے مطابق ایران کی نئی تجویز تین مرحلوں پر مشتمل ہے جس کے پہلے مرحلے میں امریکہ اور اسرائیل سے جنگ کے خاتمے اور آئندہ دوبارہ جنگ نہ کرنے کی ضمانت طلب کی گئی ہے۔ اس کے بعد غیر جانبدار ثالثوں کے ذریعے آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولا جائے گا اور اس کے طویل المدتی انتظام کے لیے معاہدہ کیا جائے گا۔

تاہم ایک اہم تنازع یہ ہے کہ ایران آبنائے ہرمز پر اپنی خودمختاری برقرار رکھنا چاہتا ہے اور اسی کے بعد جوہری پروگرام اور دیگر معاملات پر مذاکرات کے لیے تیار ہوگا۔

ماہرین اس تجویز کے پائیدار ہونے پر شکوک کا اظہار کر رہے ہیں۔ راز زیمت کے مطابق جو مسائل جنگ کے اختتام تک حل نہیں ہوتے وہ بعد میں حل ہونا مشکل ہوتے ہیں۔ادھر بین الاقوامی ثالث دونوں فریقوں کو مذاکرات جاری رکھنے کی ترغیب دے رہے ہیں تاکہ کسی مشترکہ حل تک پہنچا جا سکے۔