ایران کی امریکہ کو ایک نئی سفارتی تجویز

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 27-04-2026
ایران کی  امریکہ کو ایک نئی سفارتی تجویز
ایران کی امریکہ کو ایک نئی سفارتی تجویز

 



واشنگٹن ڈی سی:ایک اہم سفارتی اقدام کے تحت جس کا مقصد علاقائی کشیدگی کو کم کرنا ہے تہران نے مبینہ طور پر پاکستان کے ذریعے واشنگٹن کو ایک نیا تجویز نامہ بھیجا ہے۔خبر رساں ادارے ایکسیوس کی رپورٹ کے مطابق ایرانی پیشکش ایک ایسے فریم ورک پر مشتمل ہے جس میں آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور جنگ کے خاتمے کی بات کی گئی ہے جس سے طویل عرصے سے جاری تنازع میں ممکنہ پیش رفت کا اشارہ ملتا ہے

یہ سفارتی کوشش ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امن کی کوششیں زیادہ تر تعطل کا شکار رہی ہیں ۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی میں کہا کہ اگر تہران مذاکرات کرنا چاہے تو وہ واشنگٹن سے رابطہ کر سکتا ہے۔تاہم انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ایران کو کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیے جائیں گے

اس پیش رفت کی رفتار اس وقت کم ہوتی دکھائی دی جب وائٹ ہاؤس نے اسلام آباد کے مجوزہ دورے کو منسوخ کر دیا جس میں نمائندے اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر شامل تھے
اس اقدام کو تہران کی سابقہ پیشکش پر عدم اطمینان کے طور پر دیکھا گیا جس نے حل کی راہ مزید پیچیدہ کر دی

موجودہ تعطل کا مرکزی نکتہ امریکی مطالبہ ہے کہ ایران کم از کم دس سال تک یورینیم کی افزودگی بند کرے اور اپنے موجودہ جوہری ذخیرے کو بیرون ملک منتقل کرے۔۰تاہم رپورٹ کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ثالثوں کو بتایا کہ ایرانی قیادت کے اندر اس مطالبے پر کوئی متفقہ رائے موجود نہیں ہےپاکستان کے ذریعے بھیجا گیا فریم ورک ایک دو مرحلوں پر مشتمل منصوبہ پیش کرتا ہے جس میں سمندری بحران اور امریکی بحری ناکہ بندی کو فوری ترجیح دینے کی بات کی گئی ہے

اس تازہ تجویز میں یا تو طویل مدتی جنگ بندی یا مستقل طور پر جنگ کے خاتمے کا تصور شامل ہے۔اس معاہدے کے تحت جوہری مذاکرات بعد کے مرحلے میں شروع ہوں گے اور یہ اس وقت ہوں گے جب سمندری راستہ کھل جائے گا اور ناکہ بندی ختم ہو جائے گی

وائٹ ہاؤس کو یہ تجویز موصول ہو چکی ہے تاہم یہ واضح نہیں کہ امریکہ اس پر غور کرنے کے لیے تیار ہے یا نہیں

گزشتہ دنوں عباس عراقچی پاکستان اور عمان کے درمیان سفارتی رابطوں میں مصروف رہے ہیں اور پیر کے روز روس میں ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ مزید اعلی سطحی مذاکرات طے ہیں
یہ علاقائی رابطے اس وقت ہو رہے ہیں جب امریکی قیادت طویل فاصلے کی سفارت کاری پر شکوک کا اظہار کر رہی ہے

اتوار کے روز صدر ٹرمپ نے مذاکراتی ٹیم بھیجنے میں عدم دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال میں اٹھارہ گھنٹے کا سفر کرنے کا کوئی فائدہ نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ کام فون پر بھی کیا جا سکتا ہے اور اگر ایران چاہے تو خود رابطہ کرے

اگرچہ اٹھائیس فروری کو امریکی اسرائیلی حملوں کے بعد مکمل جنگ بندی ہو چکی ہے تاہم کوئی باضابطہ امن معاہدہ ابھی تک سامنے نہیں آیا۔جاری کشیدگی کے باعث ہزاروں افراد متاثر ہوئے ہیں اور عالمی معیشت پر بھی منفی اثرات پڑے ہیں

تہران آبنائے ہرمز پر اپنی اسٹریٹجک پوزیشن کو بطور دباؤ استعمال کر رہا ہے جہاں سے دنیا کے تقریباً بیس فیصد تیل کی ترسیل ہوتی ہے۔دوسری جانب امریکی بحری ناکہ بندی ایرانی بندرگاہوں پر دباؤ ڈال رہی ہے جس سے عالمی منڈی میں قیمتوں میں اضافہ اور عدم استحکام پیدا ہو رہا ہے

تہران کا مؤقف ہے کہ امریکہ کو پہلے رکاوٹیں ختم کرنا ہوں گی جن میں بحری ناکہ بندی بنیادی مسئلہ ہے
ایران یہ بھی مطالبہ کر رہا ہے کہ اسے معاوضہ دیا جائے اور آبنائے کے لیے نیا قانونی ڈھانچہ بنایا جائے اور مستقبل میں فوجی مداخلت سے تحفظ کی ضمانت دی جائے۔اس کے برعکس امریکہ ایران سے مطالبہ کر رہا ہے کہ وہ اپنے جوہری عزائم میزائل پروگرام اور علاقائی گروہوں سے تعلقات محدود کرے

یہ متضاد ترجیحات دونوں ممالک کے درمیان وسیع فاصلے کو ظاہر کرتی ہیں جو اس نازک سفارتی موقع پر بھی برقرار ہیں