تہران
ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے بدھ کے روز کہا کہ ایران کو “نہ جنگ، نہ امن” کی طویل کیفیت سے نکلنا ہوگا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے صورتحال کے حل کے لیے مذاکرات اور مکالمے کو جاری رکھنے کی اجازت دی ہے۔
آئی ایس این اےکے مطابق تہران کے وحدت ہال میں منعقدہ “امین ایران” کی تیسری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، جو “شہید رہنما” کی یاد میں منعقد کی گئی تھی، پزشکیان نے زور دیا کہ فوجی تصادم ایران کے مفاد میں نہیں، تاہم انہوں نے کہا کہ ملک بیرونی دباؤ کے آگے نہیں جھکے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں ‘نہ جنگ، نہ امن’ کی پالیسی سے باہر نکلنا ہوگا۔ جنگ یقینی طور پر ملک کے مفاد میں نہیں، لیکن اگر انہوں نے ہماری زمین اور سرزمین پر حملہ کیا تو ہم ہرگز سرنڈر نہیں کریں گے اور پیچھے نہیں ہٹیں گے۔صدر نے اپنی صدارت کے دوران سپریم لیڈر کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم خامنہ ای مسلسل اس بات پر زور دیتے رہے کہ کشمکش اور سفارت کاری کے درمیان پیدا ہونے والے جمود کو ختم کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ شہید رہنما بار بار کہتے تھے کہ ‘نہ جنگ، نہ امن’ کی کیفیت کو حل ہونا چاہیے۔
سفارت کاری پر داخلی مباحث کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگرچہ بعض اوقات عوامی سطح پر مذاکرات کی نفی کی جاتی ہے، لیکن ان کے مطابق حکومت کو اس تعطل کو ختم کرنے کے لیے بات چیت ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ کبھی کبھی آئی آر آئی بی صدر کا یہ پیغام نشر کرتا تھا کہ ‘ہم مذاکرات نہیں کریں گے’۔ اس وقت میں کہتا تھا کہ اگر حکومت اس مسئلے کو حل کرنا چاہتی ہے تو پھر اسے کیا کرنا چاہیے؟ اگر ہم بات چیت نہیں کریں گے تو پھر کیا کریں گے؟انہوں نے مزید کہا کہ اور اسی بنیاد پر مرحوم رہنما نے مذاکرات اور مکالمے کو جاری رکھنے کی اجازت دی۔
پزشکیان کے مطابق خامنہ ای کی حالیہ ہدایات بھی واضح تھیں کہ جاؤ اور مسئلہ حل کرو۔
ایرانی صدر نے قومی اتحاد کی اہمیت پر بھی زور دیا اور کہا کہ ایران کے دشمن اندرونی تقسیم سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دشمن نے اپنی تمام منصوبہ بندی داخلی اتحاد اور یکجہتی کو خراب کرنے کے لیے کی ہے۔انہوں نے کہا کہ صرف فوجی طاقت کسی قوم کو جھکنے پر مجبور نہیں کر سکتی اور موجودہ علاقائی تنازعات اس کی مثال ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہوائی جہازوں اور بمباری کے ذریعے کسی ملک کو سرنڈر پر مجبور کرنا ممکن نہیں۔ غزہ جیسی چھوٹی جگہ کو بھی تین سال میں جھکایا نہیں جا سکا، تو ایران کو بھی نہیں جھکایا جا سکتا۔ ایران ہرگز سرنڈر کرنے والا نہیں ہے۔
انہوں نے ایک حالیہ ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جنگ کے دوران جب دوکہ پہاڑوں میں ہونے والی ملاقات پر حملہ ہوا تو سپریم لیڈر نے حکام کے پہنچنے تک انتظار کیا۔انہوں نے کہا کہ 12 روزہ جنگ کے دوران جب ہماری دوکہ پہاڑوں والی ملاقات پر بمباری ہوئی تو ہم تاخیر سے پہنچے، لیکن انہوں نے شام تک ہمارا انتظار کیا اور فکر مند تھے کہ کہیں ہمیں کچھ ہو نہ گیا ہو۔
پزشکیان نے ایرانی خواتین کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ گزشتہ 100 دنوں میں ان کے اقدامات نے دشمنوں کے اندازوں کو غلط ثابت کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری بہنوں نے ان 100 دنوں میں دشمنوں کی آنکھوں میں کانٹا بن کر ایسے مناظر پیش کیے جن کا تصور بھی سیاسی تجزیہ کار نہیں کر سکتے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کی فعال موجودگی نے دشمن کے تمام منصوبے ناکام بنا دیے۔قومی اتحاد پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اتحاد کا مطلب ہے کہ ہر فریق کچھ مطالبات سے دستبردار ہو تاکہ اختلافات کم ہوں۔
انہوں نے کہا کہ قومی اتحاد اور یکجہتی کا مطلب ہے کہ میں اپنے کچھ مطالبات چھوڑ دوں اور آپ اپنے کچھ مطالبات چھوڑ دیں تاکہ وقتی طور پر اختلافات کو بڑھنے نہ دیا جائے۔آخر میں انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ملک کے مسائل کے حل میں تعاون کریں۔انہوں نے کہا کہ ہم ایک باوقار، فخر اور آزاد ایران چاہتے ہیں۔ ہمدردی اور تعاون ملک کو موجودہ بحران سے نکال سکتا ہے۔ ہمیں مل کر سوچ کر اور ایک دوسرے کا ساتھ دے کر مسائل سے نکلنا ہوگا۔