تہران
ایران نے بدھ کے روز آپریشن "ٹرو پرومس 4" کی 80ویں لہر کی ویڈیو جاری کی، جس میں خطے میں امریکہ اور اسرائیل کے ٹھکانوں کی جانب میزائل داغے گئے۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اشارہ دیا ہے کہ مذاکرات کے ذریعے حل قریب ہو سکتا ہے۔
ایران کی جانب سے یہ 80ویں لہر اس وقت سامنے آئی جب صدر ٹرمپ نے تصدیق کی کہ ایران کے ساتھ بات چیت جاری ہے اور جنگ کے خاتمے کا امکان ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس وقت مذاکرات میں ہیں۔ میں بتا سکتا ہوں کہ وہ معاہدہ کرنا چاہتے ہیں، اور اگر آپ ان کی جگہ ہوتے تو آپ بھی چاہتے۔ ان کی بحریہ ختم ہو چکی ہے، فضائیہ ختم ہو چکی ہے، ان کا مواصلاتی نظام ختم ہو چکا ہے۔ تقریباً ان کے پاس کچھ نہیں بچا۔ میرے خیال میں ہم اس جنگ کو ختم کر دیں گے۔ میں یقین سے نہیں کہہ سکتا، لیکن ہم جیت چکے ہیں۔ ہمارے طیارے تہران اور ان کے دیگر علاقوں کے اوپر پرواز کر رہے ہیں، اور وہ کچھ نہیں کر سکتے۔ اگر میں کسی پاور پلانٹ کو نشانہ بنانا چاہوں تو وہ کچھ نہیں کر سکتے۔ وہ مکمل طور پر شکست کھا چکے ہیں، فوجی طور پر ختم ہو چکے ہیں۔
اس سے قبل ایران کی اسلامی انقلابی گارڈ کور نے اعلان کیا تھا کہ آپریشن "ٹرو پرومس 4" کی 79ویں لہر نے اسرائیل کے کثیر سطحی فضائی دفاعی نظام کو عبور کرتے ہوئے تل ابیب اور بیر شیبع میں انٹیلیجنس مراکز کو نشانہ بنایا، جبکہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں فوجی اور تجارتی مراکز پر بھی حملے کیے گئے۔
آئی آر جی سی کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق اس کارروائی کو "او خیر الفاتحین" کے کوڈ نام سے انجام دیا گیا، جس میں خیبر شکن، عماد اور سجیل میزائلوں کے ساتھ فضائیہ کے تباہ کن ڈرونز استعمال کیے گئے۔ بیان میں کہا گیا کہ تل ابیب کے شمالی اور وسطی علاقوں میں انٹیلیجنس مراکز، رامات گان اور نقب میں فوجی سپورٹ مراکز، اور بیر شیبع میں مرکزی لاجسٹک اور جنوبی فوجی انتظامی مرکز کو نشانہ بنایا گیا۔
دوسری جانب اقوام متحدہ میں ایران کے نائب نمائندے رضا دہقانی نے کہا کہ ایران امریکی اور اسرائیلی جارحیت کے مکمل خاتمے تک اپنے دفاع کے جائز حق کو جاری رکھے گا۔انہوں نے اقوام متحدہ کی تخفیف اسلحہ کانفرنس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امریکہ اور اسرائیل کے فوجی حملوں کی سخت مذمت کی اور کہا کہ ایران اپنے ہمسایہ ممالک کے خلاف کوئی دشمنی نہیں رکھتا، تاہم وہ ممالک جنہوں نے اپنی سرزمین ایران کے خلاف استعمال ہونے دی، انہیں اس کے نتائج کا سامنا کرنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران میں شہریوں اور سویلین تنصیبات پر حملے اب بھی جاری ہیں، جس کے نتیجے میں روزانہ بڑی تعداد میں معصوم خواتین اور بچے جان سے ہاتھ دھو رہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ بین الاقوامی تعلقات میں جارحیت اور طاقت کے استعمال کو معمول نہیں بنایا جانا چاہیے اور کسی بھی طاقت کو بین الاقوامی قانون کی جگہ لینے کا حق نہیں ہے۔
رضا دہقانی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت ایران کو اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے، اور اس کی دفاعی کارروائیاں صرف حملہ آور فریق کے فوجی اہداف، اڈوں اور افواج تک محدود ہیں۔