ایران کے عراق کے اربیل میں کرد مخالف گروہوں کے ٹھکانوں پر میزائل اور ڈرون حملے

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 12-08-2026
ایران نے عراق کے صوبہ اربیل میں کرد مخالف گروہوں کے ٹھکانوں پر میزائل اور ڈرون حملے کیے
ایران نے عراق کے صوبہ اربیل میں کرد مخالف گروہوں کے ٹھکانوں پر میزائل اور ڈرون حملے کیے

 



اربیل:ایران نے بدھ کے روز عراق کے شمالی صوبہ اربیل میں ایرانی کرد اپوزیشن گروہوں سے وابستہ ٹھکانوں پر متعدد میزائل اور ڈرون حملے کیے۔الجزیرہ نے رووداو سے گفتگو کرنے والے ایک پیشمرگہ کمانڈر کے حوالے سے بتایا کہ حملوں میں اربیل صوبے کی وادی الانہ میں کوملہ پارٹی اور ایرانی کردستان ڈیموکریٹک پارٹی کے جنگجوؤں کو نشانہ بنایا گیا۔ حملوں میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔بعد ازاں ایرانی ساختہ 4 ڈرون صوبے کے مختلف اضلاع میں گر کر تباہ ہوئے جن میں سوران۔ خلیفان اور ہریر شامل ہیں۔ الجزیرہ نے مقامی میڈیا کے حوالے سے بتایا کہ 2 ڈرون خلیفان کے ایک گاؤں کے قریب گرے۔ ایک ڈرون سوران میں ایک رہائشی مکان سے ٹکرایا جبکہ چوتھا ڈرون بن ہریر پہاڑ پر گر گیا جس کے نتیجے میں اردگرد کی گھاس میں آگ بھڑک اٹھی۔

پیشمرگہ خود مختار کردستان خطے کی فوجی قوت ہے۔ جبکہ کوملہ پارٹی اور ایرانی کردستان ڈیموکریٹک پارٹی ایرانی کرد اپوزیشن گروہ ہیں جن کے مراکز شمالی عراق کے سرحدی علاقے میں ہیں۔اس سے ایک روز قبل منگل کو ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا تھا کہ ایران نے حالیہ جنگ کے دوران خود کو دنیا کے سامنے ایک سخت اور ناقابل تسخیر طاقت ثابت کیا اور بالآخر دشمن کو مذاکرات کی درخواست کرنے پر مجبور کر دیا۔ایرانی خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق عراقچی نے منگل کو ایرانی وزارت صحت میں ہونے والے تعاون اور سفارت کاری و صحت کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی مسلح افواج نے امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ تنازع کے دوران بڑی قربانیاں دیں۔

عراقچی نے کہا کہ ہماری مسلح افواج نے اپنی جانوں کی قربانی دی اور دنیا کی سب سے بڑی ظاہری فوج کو شکست دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ محض نعرہ نہیں بلکہ ایک حقیقت ہے جسے پوری دنیا تسلیم کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ جنگ کے دوران پورے ملک میں قربانی اور بہادری کے مناظر دیکھنے کو ملے اور تنازع کے باوجود لوگ اپنے فرائض انجام دیتے رہے۔عراقچی نے کہا کہ کسی کو توقع نہیں تھی کہ ایران امریکہ اور اسرائیل کے تعاون کے خلاف اس طرح مزاحمت کر سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو تمام مغربی ممالک اور بعض دیگر ممالک کی حمایت حاصل تھی جنہیں ہم سب جانتے ہیں۔ اس کے باوجود ایران نے بالآخر دشمن کو مذاکرات کی درخواست کرنے پر مجبور کر دیا۔

ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ انہوں نے دیگر ممالک کے حکام سے سنا ہے کہ ایران نے اپنی مزاحمت کے ذریعے ایک معجزہ کر دکھایا اور پوری دنیا کو حیران کر دیا۔سفارت کاری کے حوالے سے عراقچی نے کہا کہ ایران نے ثابت کیا ہے کہ وہ اپنے حقوق کا دفاع کرنا جانتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بعض حکام نے ان سے کہا کہ آپ نے جنگ بھی جیتی اور سفارت کاری بھی۔