آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں پر ایران کا ٹول سسٹم نافذ کرنے کا دعویٰ: رپورٹ

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 26-03-2026
آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں پر ایران کا ٹول سسٹم نافذ کرنے کا دعویٰ: رپورٹ
آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں پر ایران کا ٹول سسٹم نافذ کرنے کا دعویٰ: رپورٹ

 



تہران:مغربی ایشیا میں جاری کشیدگی نے اہم سمندری راستے آبنائے ہرمز پر شدید دباؤ ڈال دیا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق ایران نے اس اہم گزرگاہ پر جہازوں کے لیے ایک غیر رسمی “ٹول سسٹم” نافذ کر دیا ہے۔

شپنگ نیوز ویب سائٹ لائیڈز لسٹ کے مطابق ایران کی اسلامی انقلابی گارڈ کور نے ایسا نظام قائم کیا ہے جس کے تحت جہازوں کو مکمل دستاویزات جمع کرانی ہوتی ہیں، کلیئرنس کوڈ حاصل کرنا پڑتا ہے اور ایک مخصوص راستے سے آئی آر جی سی کی نگرانی میں گزرنا ہوتا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ 13 مارچ سے اب تک 26 جہاز اسی منظور شدہ راستے سے گزر چکے ہیں، جبکہ 15 مارچ کے بعد عام راستے سے کسی جہاز کی نقل و حرکت کا ریکارڈ نہیں ملا۔

تاہم ہندستان کی وزارت جہازرانی نے ان خبروں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا ہے۔ وزارت کے خصوصی سکریٹری راجیش کمار سنہا نے کہا کہ آبنائے ہرمز ایک بین الاقوامی سمندری گزرگاہ ہے جہاں عالمی قوانین کے تحت آزادانہ نقل و حرکت کی اجازت ہے اور کسی قسم کا ٹول یا فیس عائد نہیں کی جا سکتی۔

دوسری جانب ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ ایران نے ہندستان سمیت دوست ممالک کے جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دی ہے۔ ممبئی میں ایرانی قونصل خانے نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ چین، روس، ہندستان، عراق اور پاکستان جیسے ممالک کے لیے راستہ کھلا رکھا گیا ہے۔

جمعرات تک کم از کم 5 ایسے جہاز محفوظ طریقے سے اس راستے سے گزر چکے ہیں جن کی منزل ہندستان تھی، جن میں “جگ واسنت” اور “پائن گیس” نامی جہاز شامل ہیں جو ہفتے کے آخر تک بندرگاہ پر پہنچنے کی توقع ہے۔

25 مارچ کو نیویارک میں ایران کے مشن نے بھی اعلان کیا کہ “غیر دشمن” جہازوں کو، بشرطیکہ وہ ایران کے خلاف کسی کارروائی میں شامل نہ ہوں اور حفاظتی ضوابط کی پابندی کریں، آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دی جائے گی۔

ایرانی دفاعی کونسل نے بھی واضح کیا ہے کہ اس اہم گزرگاہ سے گزرنے والے جہازوں کے لیے پیشگی رابطہ اور ایرانی حکام کے ساتھ ہم آہنگی لازمی ہوگی۔

ادھر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے آبنائے ہرمز کو کھولنے پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس راستے کی بندش عالمی سطح پر تیل، گیس اور کھاد کی ترسیل کو متاثر کر رہی ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب زرعی موسم جاری ہے۔ انہوں نے فوری طور پر جنگ کے خاتمے کو ہی اس مسئلے کا واحد حل قرار دیا۔