جارجیا: امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز ایران کے ساتھ جاری جنگ کو ایک "جھڑپ" قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ تہران اب معاہدہ کرنا چاہتا ہے۔ٹرمپ نے یہ بیان امریکی ریاست جارجیا کے شہر میریٹا میں اپنی حکومت کے ٹرمپ اکاؤنٹس اقدام سے متعلق ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔ اس دوران انہوں نے ایران پر امریکہ کی حالیہ فضائی کارروائیوں کا بھی ذکر کیا۔
انہوں نے کہا۔"اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ جو یہ جھڑپ چل رہی ہے میں اسے جھڑپ ہی کہتا ہوں کیونکہ وہ بہت بری طرح مار کھا رہے ہیں۔ وہ معاہدہ کرنا چاہتے ہیں لیکن میں کہتا ہوں کہ وہ ابھی معاہدے کے لیے تیار نہیں ہیں کیونکہ جب بھی وہ کوئی معاہدہ کرتے ہیں تو بعد میں اسے بدلنا چاہتے ہیں۔ وہ ابھی تیار نہیں ہیں لیکن بہت جلد تیار ہو جائیں گے۔"
اسی تقریب میں ٹرمپ نے ہلاک ہونے والے امریکی فوجی لیفٹیننٹ ٹائلر فیہان کے اہل خانہ کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔اس سے قبل بدھ کے روز ٹرمپ امریکی ریاست ڈیلاویئر کے ڈوور ایئر فورس بیس پہنچے جہاں انہوں نے ایران کے ساتھ جاری جنگ سے متعلق کارروائیوں میں ہلاک ہونے والے چار امریکی فوجیوں کی باوقار تدفینی منتقلی کی تقریب میں شرکت کی۔
ان فوجیوں میں ہوائی کے ایوا بیچ سے تعلق رکھنے والے لیفٹیننٹ ٹائلر فیہان بھی شامل تھے جو 18 جولائی کو اردن میں تعیناتی کے دوران مارے گئے تھے۔ وہ نارتھ کیرولائنا کے فورٹ بریگ میں قائم سیکنڈ بٹالین۔ ففٹی ففتھ ایئر ڈیفنس آرٹلری رجمنٹ۔ تھرٹی سیکنڈ آرمی ایئر میزائل ڈیفنس کمانڈ میں خدمات انجام دے رہے تھے۔
اپنی تفصیلی تقریر میں صدر ٹرمپ نے سابق صدر جو بائیڈن کی حکومت کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اب دنیا امریکہ کا مذاق نہیں اڑا رہی۔انہوں نے کہا۔"18 ماہ پہلے ہمارا ملک شدید بحران میں تھا۔ یہ ایک تباہی تھی۔ سلیپی جو بائیڈن اور انتہا پسند بائیں بازو کے ڈیموکریٹس نے 48 برس کی بدترین مہنگائی پیدا کی۔"
دوسری جانب امریکہ کی جانب سے ایرانی بنیادی ڈھانچے پر حملوں کی دھمکیوں کے بعد ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے خبردار کیا کہ ایران یا اس کے بنیادی ڈھانچے کے خلاف کسی بھی جارحیت کا "فیصلہ کن جواب" دیا جائے گا اور اس میں شریک تمام فریقوں کو بھی "جائز ہدف" سمجھا جائے گا۔ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف اور ایران کے خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹر نے بھی اسی مؤقف کی تائید کرتے ہوئے خبردار کیا کہ کسی بھی حملے کی صورت میں "فیصلہ کن کارروائی" کی جائے گی۔