ایران کا اردن میں امریکی فضائی اڈے پر حملے اور تین ایف 35 طیارے تباہ کرنے کا دعویٰ

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 31-07-2026
ایران کا اردن میں امریکی فضائی اڈے پر حملے اور تین ایف 35 طیارے تباہ کرنے کا دعویٰ
ایران کا اردن میں امریکی فضائی اڈے پر حملے اور تین ایف 35 طیارے تباہ کرنے کا دعویٰ

 



تہران۔ ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے جزیرہ قشم پر امریکی حملوں کے جواب میں جمعرات کو اردن کے الازرق فضائی اڈے پر حملہ کرکے امریکی فضائیہ کے تین ایف 35 لڑاکا طیارے مکمل طور پر تباہ کر دیے جبکہ مزید تین طیاروں کو شدید نقصان پہنچایا۔سرکاری نشریاتی ادارے اسلامی جمہوریہ ایران براڈ کاسٹنگ کے مطابق اسلامی انقلابی گارڈ کور کی فضائیہ نے اردن کے الازرق فضائی اڈے پر تعینات امریکی ایف 35 طیاروں کے پارکنگ اور دیکھ بھال کے مراکز کو متعدد بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا۔

اسلامی انقلابی گارڈ کور نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ اس حملے میں تین ایف 35 طیارے مکمل طور پر تباہ ہوگئے جبکہ مزید تین کو شدید نقصان پہنچا۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ حملے کے دوران متعدد امریکی افسران اور فنی عملے کے ارکان ہلاک ہوئے۔ایرانی بیان کے مطابق یہ کارروائی بدھ کی شب جزیرہ قشم پر ہونے والے امریکی فضائی حملے کے جواب میں کی گئی۔

اسلامی انقلابی گارڈ کور کا الزام ہے کہ اردن میں قائم امریکی اڈوں سے کارروائی کرتے ہوئے امریکی افواج نے جزیرہ قشم پر دو رہائشی مکانات کو بنکر شکن بموں سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے تین افراد جن میں ایک بچہ بھی شامل تھا جاں بحق ہوگئے جبکہ دو دیگر بچے زخمی ہوئے۔

دوسری جانب امریکی مرکزی کمان نے اعلان کیا کہ اس نے ایران کے اندر اسلامی انقلابی گارڈ کور کے متعدد اہداف پر بڑے پیمانے پر فضائی حملے کیے ہیں۔امریکی مرکزی کمان کے بیان کے مطابق یہ کارروائی 29 جولائی کی رات تقریباً 10 بجے ایرانی جانب سے ایک روز قبل امریکی افواج پر مبینہ بیلسٹک میزائل حملوں کی کوشش کے جواب میں کی گئی۔

بیان میں کہا گیا کہ حملوں کے دوران اسلامی انقلابی گارڈ کور کے درجنوں فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا جن میں کمان مراکز۔ میزائل اور ڈرون تنصیبات۔ ساحلی نگرانی اور دفاعی مراکز اور بحری صلاحیتوں سے متعلق مقامات شامل تھے۔امریکی مرکزی کمان کے مطابق ان حملوں کا مقصد ایران اور اس سے وابستہ گروہوں کی جانب سے امریکی افواج۔ تجارتی بحری جہازوں اور خلیجی ممالک کو لاحق خطرات کو مزید کم کرنا تھا۔

امریکی فوج نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ 28 جولائی کو ایران نے مشرق وسطیٰ میں تعینات امریکی اہلکاروں پر اچانک حملے کی غرض سے متعدد بیلسٹک میزائل داغے تھے تاہم تمام میزائل راستے میں ہی تباہ کر دیے گئے۔امریکی مرکزی کمان کے مطابق اس وقت بھی مشرق وسطیٰ میں 50000 سے زیادہ امریکی فوجی تعینات ہیں جو مکمل چوکسی کے ساتھ ہر صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔

ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق جنوبی ایران کے مختلف علاقوں بشمول بندر عباس اور جزیرہ کیش میں متعدد دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔اس سے قبل اسلامی انقلابی گارڈ کور نے ایک اور بیان میں خبردار کیا تھا کہ جو ممالک امریکہ کی معاونت جاری رکھیں گے انہیں سخت جواب کا سامنا کرنا پڑے گا اگر انہوں نے اپنی پالیسی تبدیل نہ کی۔ایران نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز اب بھی اس کی بحریہ کے مکمل کنٹرول میں ہے۔ ایران نے خبردار کیا کہ جب تک خطے میں امریکی مداخلت اور دھمکیاں جاری رہیں گی اس وقت تک آبنائے ہرمز کو دوبارہ نہیں کھولا جائے گا