انقلاب منچو نے ڈھاکہ کے شاہ باغ کی ناکہ بند،ہادی کے لیے انصاف کا مطالبہ

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 28-12-2025
انقلاب منچو نے ڈھاکہ کے شاہ باغ کی ناکہ بند،ہادی کے لیے انصاف کا مطالبہ
انقلاب منچو نے ڈھاکہ کے شاہ باغ کی ناکہ بند،ہادی کے لیے انصاف کا مطالبہ

 



 ڈھاکہ :انقلاب منچو کے رہنماؤں اور حامیوں نے اتوار کے روز ڈھاکہ کے شاہ باغ چوراہے پر دھرنا دے کر راستے بند کر دیے۔ یہ احتجاج ملک کے مختلف ڈویژنل شہروں میں جاری شٹر ڈاؤن مہم کا حصہ تھا جس کا مقصد تنظیم کے رہنما شریف عثمان بن ہادی کے قتل میں انصاف کا مطالبہ کرنا تھا۔ ڈیلی اسٹار کی رپورٹ کے مطابق شاہ باغ میں احتجاج باضابطہ طور پر دو بجے دن شروع ہوا تاہم کئی مظاہرین گیارہ بجے کے قریب ہی ملحقہ سڑکوں پر جمع ہو گئے تھے جہاں وہ نعرے لگاتے رہے اور ہادی کے لیے انصاف کا مطالبہ کرتے رہے۔

مظاہرین نے جمعہ سے شاہ باغ چوراہے پر قبضہ جما رکھا تھا اور شدید سردی کے باوجود رات بھر دھرنا جاری رکھا۔ ہفتہ کی رات دیر گئے انہوں نے اس وقت جگہ خالی کی جب پلیٹ فارم کے رکن سیکریٹری عبداللہ الجابر نے اعلان کیا کہ تحریک کو ڈھاکہ سے آگے بڑھاتے ہوئے ڈویژنل شہروں تک پھیلایا جائے گا۔ اتوار کے پروگرام میں شرکت کے لیے مظاہرین مقررہ وقت سے پہلے واپس آئے اور ایک بار پھر شاہ باغ چوراہے پر اپنی پوزیشنیں سنبھال لیں۔

ہفتہ کی رات ہونے والے احتجاج کے دوران ماحولیاتی امور کی مشیر سیدہ رضوانہ حسن اور ڈھاکہ میٹروپولیٹن پولیس کے کمشنر شیخ محمد سجات علی رات گیارہ بجے کے قریب موقع پر پہنچے اور مظاہرین کو تفتیش کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ مشیر نے یقین دہانی کرائی کہ چارج شیٹ جلد پیش کی جائے گی اور مقدمے کی تیز رفتار سماعت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عبوری حکومت قتل میں ملوث افراد اور پس پردہ کردار ادا کرنے والوں کی نشاندہی کے لیے کام کر رہی ہے تاکہ انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔ تاہم مظاہرین نے کہا کہ انصاف ملنے تک ان کی تحریک جاری رہے گی۔

انقلاب منچو کے مرکزی رکن نعیم اسلام نے کہا کہ انتظامیہ کے بیانات محض وقت حاصل کرنے کی کوشش ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جس دن فائرنگ کا واقعہ پیش آیا اسی دن ملزمان کو گرفتار کیا جا سکتا تھا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت واضح کرے کہ کون کس پر دباؤ ڈال رہا ہے اور یہ کہ گرفتاریاں دکھاوے کی نہیں بلکہ اصل قاتلوں کو پکڑا جائے۔

بعد ازاں مظاہرین کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈھاکہ میٹروپولیٹن پولیس کے کمشنر نے بتایا کہ پولیس بارڈر گارڈ بنگلہ دیش ریپڈ ایکشن بٹالین اور خفیہ ادارے مشترکہ طور پر قتل میں ملوث افراد کی شناخت کے لیے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تک دس افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے دو پستول اور قتل میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی ہے جبکہ 218 کروڑ ٹکہ مالیت کے دستخط شدہ چیکس بھی ضبط کیے گئے ہیں۔ ان کے مطابق تحقیقات میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے اور سات جنوری تک چارج شیٹ داخل کر دی جائے گی۔

شریف عثمان بن ہادی کو بارہ دسمبر کو الیکشن کمیشن کی جانب سے آئندہ عام انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے ایک دن بعد گولی مار دی گئی تھی۔ انہیں بہتر علاج کے لیے سنگاپور منتقل کیا گیا جہاں وہ اٹھارہ دسمبر کی رات دم توڑ گئے۔ دریں اثنا دارالحکومت سے باہر بھی احتجاج کی اطلاعات موصول ہوئیں جہاں انقلاب منچو کے کارکنوں نے اتوار کی سہ پہر سلہٹ شہر میں چوہاٹہ چوراہے کو بلاک کر دیا۔