جکارتہ :توار کے روز انڈونیشیا کے شمالی سولاویسی صوبے کے دارالحکومت منادو میں ایک نرسنگ ہوم میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں کم از کم 16 افراد ہلاک ہو گئے۔ ژنہوا نیوز ایجنسی نے انڈونیشی حکام کے حوالے سے یہ خبر دی۔
ژنہوا کے مطابق شمالی سولاویسی ریجنل پولیس کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ الامسیاہ پی حسیبوان نے بتایا کہ متاثرین کی شناخت کا عمل بھایانگکارا اسپتال میں جاری ہے۔ حادثے کے بعد لاشوں کو اسی اسپتال منتقل کیا گیا ہے جس کے بعد حکام متاثرین کے اہل خانہ سے رابطہ کریں گے۔
یہ آگ اتوار کی شام تقریباً 8:36 بجے منادو کے رانوموت سب ڈسٹرکٹ کے پال دوا علاقے میں واقع پانتی وردھا دمائی نرسنگ ہوم میں لگی۔ ژنہوا کے مطابق منادو سٹی حکومت کی جانب سے بھیجے گئے 3 فائر انجنوں کی مدد سے رات 9:30 بجے تک آگ پر قابو پا لیا گیا۔
پولیس حکام نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر علاقے کو محفوظ بنایا اور امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔ زندہ بچ جانے والوں کو منادو سٹی ریجنل اسپتال اور پرماتا بندا اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ جاں بحق افراد کو مزید کارروائی کے لیے منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کی فرانزک ٹیموں نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جن میں جائے حادثہ کا معائنہ اور عینی شاہدین کے بیانات شامل ہیں تاکہ آگ لگنے کے ابتدائی سبب اور واقعات کی ترتیب کا تعین کیا جا سکے۔ حسیبوان کے مطابق مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
اس سے قبل اسی ماہ کے آغاز میں جکارتہ میں ایک رہائشی مکان میں آگ لگنے سے کم از کم 5 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ ژنہوا کے مطابق جکارتہ ریجنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کے سربراہ اسناوا ادجی نے بتایا کہ یہ آگ 18 دسمبر کو رات تقریباً 8:10 بجے لگی تھی اور 10 فائر انجنوں کی مدد سے رات 11:00 بجے تک اس پر قابو پا لیا گیا تھا۔ متاثرین کی لاشیں اگلی صبح تقریباً 8:00 بجے دریافت ہوئیں۔
ادجی نے مزید بتایا کہ یہ مکان ایکسسیریز کی تیاری کے گودام کے طور پر بھی استعمال ہو رہا تھا اور ابتدائی تحقیقات کے مطابق آگ لگنے کی ممکنہ وجہ برقی شارٹ سرکٹ تھی۔