عمان میں ایرانی ڈرون حملے میں 2 ہندوستانی ہلاک، 10 زخمی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 14-03-2026
عمان میں ایرانی ڈرون حملے میں 2 ہندوستانی ہلاک، 10 زخمی
عمان میں ایرانی ڈرون حملے میں 2 ہندوستانی ہلاک، 10 زخمی

 



نئی دہلی
وزارتِ خارجہ نے جمعہ کو بتایا کہ عمان کے شہر سوہار میں ہونے والے ایک حملے میں دو ہندوستانی شہری ہلاک ہو گئے جبکہ 10 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ اس واقعے کے بارے میں بات کرتے ہوئے اضافی سکریٹری (خلیج) اسیم آر مہاجن نے بتایا کہ مجموعی طور پر 11 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں 10 ہندوستانی شامل ہیں۔ زخمیوں میں سے پانچ کو اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے جبکہ باقی پانچ کا علاج جاری ہے۔
اضافی سکریٹری (خلیج) اسیم آر مہاجن نے کہا كہ میں آپ سب کے ساتھ مسقط کے سوہار شہر میں آج پیش آنے والا ایک واقعہ شیئر کرنا چاہتا ہوں۔ وہاں ایک حملہ ہوا جس میں دو ہندوستانی شہریوں کی موت ہو گئی۔ ہم ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ زخمی ہونے والے 11 افراد میں سے 10 ہندوستانی ہیں۔ ان میں سے پانچ کو علاج کے بعد اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے جبکہ دیگر پانچ کا مقامی اسپتالوں میں علاج جاری ہے۔
مہاجن نے مزید کہا کہ زخمیوں میں سے کسی کو بھی شدید چوٹ نہیں آئی ہے۔ ہمارا مشن متعلقہ کمپنی اور مقامی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور ہر ممکن مدد فراہم کر رہا ہے۔وزارتِ خارجہ کے مطابق ہندوستانی حکام اس واقعے کے سلسلے میں عمانی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں اور صورتِ حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ حکام نے بتایا کہ متاثرہ ہندوستانی شہریوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے۔
اس دوران الجزیرہ نے ایک رپورٹ میں عمان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے حوالے سے بتایا کہ ڈرون حملے میں دو غیر ملکی شہری ہلاک ہوئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق جمعہ کی صبح ایک ڈرون نے الاوہی صنعتی علاقے پر حملہ کیا جس میں دو غیر ملکی شہری مارے گئے اور کئی دیگر زخمی ہو گئے۔
شپنگ وزارت نے کیا کہا؟
ہندوستانی حکومت کی شپنگ وزارت کے افسر راجیش کمار سنہا نے کہا كہ آبنائے ہرمز کے مغربی حصے میں واقع خلیج فارس میں ہندوستانی پرچم والے 24 جہاز موجود ہیں۔ کل بھی ان کی تعداد اتنی ہی تھی اور آج بھی ہے، جن پر مجموعی طور پر 677 ہندوستانی ملاح سوار ہیں۔ آبنائے ہرمز کے مشرقی حصے میں عمان کی خلیج میں پہلے چار جہاز تھے، لیکن کل ان میں سے ایک ‘جگ پرکاش’ نامی تیل بردار جہاز وہاں سے منتقل ہو گیا ہے۔ اس طرح اب وہاں تین ہندوستانی پرچم والے جہاز رہ گئے ہیں جن پر 76 ہندوستانی ملاح موجود ہیں۔ اس کے علاوہ پورے خلیجی خطے میں تقریباً 23 ہزار ہندوستانی ملاح مختلف جہازوں پر کام کر رہے ہیں، جن میں تجارتی اور آف شور جہاز شامل ہیں۔ شپنگ کے ڈائریکٹوریٹ جنرل  اپنی متعلقہ ایجنسیوں کے ذریعے ان سب کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔
ادھر ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ اب 14ویں دن میں داخل ہو چکی ہے اور اس کا دائرہ پورے مغربی ایشیا تک پھیل گیا ہے۔ اسی دوران امریکہ کاكے سی-135 ایئر ری فیولنگ طیارہ عراق میں گر کر تباہ ہو گیا ہے۔ ایران کے حمایت یافتہ عراقی باغی گروپ نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے اس امریکی طیارے کو مار گرایا ہے، جبکہ امریکی فوج کا کہنا ہے کہ یہ طیارہ ایک حادثے کا شکار ہوا۔