مدینہ - بس اور ٹینکر کے تصادم میں 42 ہندوستانی زائرین کے ہلاک ہونے کا خدشہ

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 17-11-2025
مدینہ - بس اور ٹینکر کے تصادم میں 42 ہندوستانی زائرین کے ہلاک ہونے کا خدشہ
مدینہ - بس اور ٹینکر کے تصادم میں 42 ہندوستانی زائرین کے ہلاک ہونے کا خدشہ

 



مدینہ : سعودی عرب میں مقامی میڈیا کے مطابق، پیر کے روز مدینہ کے قریب عمرہ زائرین کو لے جانے والی ایک بس ڈیزل ٹینکر سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں کم از کم 42 افراد جل کر ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ہونے والوں کے ہندوستانی شہری ہونے کا خدشہ ہے، جن میں کئی کا تعلق حیدرآباد سے بتایا جا رہا ہے۔

 جدہ میں موجود ہندوستانی قونصل خانے نے بھی اس اندوہناک حادثے کے بعد ہیلپ لائن قائم کر دی ہے۔قونصل خانے نے ایکس پر پوسٹ میں کہا،مدینہ کے قریب پیش آنے والے اس افسوسناک بس حادثے کے پیشِ نظر، جس میں بھارتی عمرہ زائرین شامل تھے، جدہ کے قونصل جنرل آف انڈیا میں 24×7 کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے۔

ریاستی حکومت کے مطابق، حادثے کی خبریں سامنے آنے کے بعد، تلنگانہ حکومت ریاض میں واقع ہندوستانی سفارتخانے سے مسلسل رابطے میں ہے۔ مقامی میڈیا نے بتایا ہے کہ عمرہ کے لیے گئے ہندوستانی زائرین اس حادثے میں ہلاک ہوئے ہیں۔

 حکومت نے متاثرہ افراد کے اہلِ خانہ کی مدد کے لیے کنٹرول روم کے نمبر بھی جاری کیے ہیں —

+91 7997959754 اور +91 9912919545۔

اسی طرح جدہ میں ہندوستانی  سفارتخانے نے بھی 24×7 کنٹرول روم قائم کیا ہے اور ایک ٹول فری ہیلپ لائن نمبر 8002440003 جاری کیا ہے، تاکہ ضرورت پڑنے پر فوری مدد فراہم کی جا سکے۔

سرکاری بیان میں بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے نئی دہلی میں متعلقہ حکام کو الرٹ کر دیا ہے اور انہیں ہدایت دی ہے کہ وہ ہندوستانی سفارتخانے سے قریبی رابطہ رکھیں۔تلنگانہ سی ایم او کے مطابق، حادثے کا شکار بس میں حیدرآباد کے کئی شہری سوار تھے، جو مکۃ سے مدینہ جا رہے تھے۔تلنگانہ کے چیف سیکریٹری رام کرشن راؤ نے دہلی میں موجود ریزیڈنٹ کمشنر گورو اوپّل کو فوری طور پر تفصیلات جمع کرنے کا حکم دیا ہے، تاکہ پتہ چل سکے کہ اس حادثے میں ریاست کے کتنے لوگ متاثر ہوئے ہیں۔صورتحال کی نگرانی کے لیے سیکریٹریٹ میں ایک کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا ہے۔

 حیدرآباد کے رکنِ پارلیمنٹ اسدالدین اویسی نے کہا کہ حادثے کے وقت بس میں 42 حجاج موجود تھے۔ انہوں نے اے این آئی کو بتایا کہ وہ ریاض میں بھارتی سفارتخانے کے ڈپٹی چیف آف مشن ابو میتھن جارج سے مسلسل رابطے میں ہیں، جنہوں نے انہیں یقین دلایا ہے کہ حادثے سے متعلق معلومات اکٹھی کی جارہی ہیں۔ اویسی کا کہنا تھا کہ انہوں نے حکومت اور وزیرِ خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر سے درخواست کی ہے کہ شہید ہونے والے افراد کی میتیں وطن واپس لانے اور زخمیوں کو مناسب طبی امداد فراہم کرنے کے انتظامات کیے جائیں