موغادیشو:صومالیہ میں ہندوستان کے سفیر آدرش سوائیکا نے بدھ کو صومالی صدر حسن شیخ محمود کو صدارتی محل میں اپنی سفارتی اسناد پیش کردیں۔اس موقع پر سفیر آدرش سوائیکا نے صدر دروپدی مرمو اور وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے صومالی صدر کو نیک خواہشات پیش کیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے ہندوستان کے عزم کا اعادہ کیا۔سفیر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ انہیں صومالی صدر حسن شیخ محمود کو ولا صومالیہ میں اپنی سفارتی اسناد پیش کرنے کا اعزاز حاصل ہوا۔ انہوں نے صدر اور وزیر اعظم کی جانب سے نیک خواہشات بھی پہنچائیں اور ہندوستان اور صومالیہ کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
سفارتی اسناد پیش کیے جانے کو مشرقی افریقہ اور افریقہ کے ہارن خطے کے ساتھ ہندوستان کے بڑھتے ہوئے روابط میں ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان صلاحیت سازی۔ تعلیم۔ تجارت۔ صحت اور سلامتی سمیت مختلف شعبوں میں دیرینہ تعاون موجود ہے۔ہندوستان اور صومالیہ کے تعلقات تاریخی نوعیت کے ہیں۔ بحر ہند کے راستے تجارت کرنے والے ہندوستانی تاجروں نے صدیوں قبل ہارن آف افریقہ کے علاقوں کے ساتھ تجارتی روابط قائم کیے تھے۔ یہ تعلق آج بھی صومالیہ میں موجود ہندوستانی کاروباری برادری کے ذریعے برقرار ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات 1960 میں صومالیہ کی آزادی کے ایک سال بعد قائم ہوئے۔ 1961 میں ماریشس میں ہندوستان کے کمشنر کو صومالیہ میں ہندوستان کا سفیر مقرر کیا گیا اور انہوں نے سفارتی اسناد پیش کیں۔ بعد میں موغادیشو میں ہندوستانی سفارت خانے کا مستقل مشن قائم کیا گیا۔1991 میں صومالیہ میں خانہ جنگی شروع ہونے کے بعد موغادیشو میں ہندوستانی سفارت خانہ بند کردیا گیا۔ اس وقت نیروبی میں قائم ہندوستانی ہائی کمیشن کو صومالیہ کے لیے بھی سفارتی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
گزشتہ چند برسوں کے دوران دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی دوروں میں اضافہ ہوا ہے جس سے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ ملا ہے۔صومالی صدر حسن شیخ محمود نے 26 سے 29 اکتوبر 2015 تک نئی دہلی میں منعقدہ تیسرے ہندوستان افریقہ فورم سربراہی اجلاس میں صومالی وفد کی قیادت کی تھی۔ اس موقع پر انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی سے دوطرفہ ملاقات بھی کی تھی۔صدر حسن شیخ محمود نے بھوپال کا بھی دورہ کیا تھا جہاں انہیں برکت اللہ یونیورسٹی کی جانب سے اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری دی گئی تھی۔ وہ اس یونیورسٹی کے سابق طالب علم بھی رہ چکے ہیں۔