سوئٹزرلینڈ :یوگا لائیو اسٹریم کا نیا ریکارڈ

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 15-06-2026
سوئٹزرلینڈ :یوگا لائیو اسٹریم کا نیا ریکارڈ
سوئٹزرلینڈ :یوگا لائیو اسٹریم کا نیا ریکارڈ

 



برن:سوئٹزرلینڈ میں ہندوستانی سفارت خانے نے یوٹیوب لائیو یوگا اسٹریم کے سب سے زیادہ ناظرین کا نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔بین الاقوامی یوگا دن کی تقریبات کے پیش نظر دنیا بھر میں ہندوستانی سفارتی مشنز مختلف پروگراموں کے ذریعے مقامی برادریوں اور تارکین وطن کو یوگا اور اس کے فوائد سے جوڑ رہے ہیں۔

سوئٹزرلینڈ میں ہندوستانی سفارت خانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ وزارت آیوش کے تعاون سے یوگا کے فروغ کے لیے ایک نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کیا گیا ہے۔

سفارت خانے کے مطابق سوئٹزرلینڈ بھر میں جاری یوگا مہم 2026 کے 12ویں بین الاقوامی یوگا دن کی تقریبات کے سلسلے میں باسل شہر پہنچی۔ وزارت آیوش کی جانب سے یوٹیوب لائیو یوگا اسٹریم کے سب سے زیادہ ناظرین کا نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کیا گیا۔ یہ تقریبات یوگا کو طرز زندگی کے طور پر عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی پذیرائی کی عکاس ہیں۔

سفارت خانے نے کہا کہ اس پروگرام میں ہندوستانی برادری اور مقامی افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور صحت مندی اور ذہنی سکون کے مشترکہ تجربے سے لطف اندوز ہوئے۔

دریں اثنا ہیوسٹن میں ہندوستانی قونصل خانے نے انڈین ڈاکٹرس ایسوسی ایشن آف ہیوسٹن کے اشتراک سے بین الاقوامی یوگا دن 2026 کے موقع پر "صحت مند بڑھاپے کے لیے یوگا" کے موضوع پر ایک خصوصی مذاکرے کا انعقاد کیا۔

سیشلز میں ہندوستانی ہائی کمیشن نے بتایا کہ اس نے خاتون اول کے دفتر کے اشتراک سے بین الاقوامی یوگا دن سے قبل خواتین کے لیے خصوصی یوگا سیشن کا اہتمام کیا۔

شام میں ہندوستانی سفارت خانے کے مطابق لاذقیہ میں منعقدہ یوگا پروگرام میں مختلف عمر کے 200 سے زائد افراد نے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔

اقوام متحدہ نے 11 دسمبر 2014 کو 21 جون کو بین الاقوامی یوگا دن قرار دیا تھا۔ یہ فیصلہ وزیر اعظم نریندر مودی

کی جانب سے 27 ستمبر 2014 کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 69ویں اجلاس سے خطاب کے دوران پیش کی گئی تجویز کے بعد کیا گیا۔

2015 میں پہلی بار منائے جانے کے بعد سے بین الاقوامی یوگا دن ایک عالمی تحریک کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ وزارت آیوش کی قیادت میں ریاستی حکومتوں ہندوستانی سفارتی مشنز اور اقوام متحدہ کے اداروں کے تعاون سے دنیا بھر میں اس کا انعقاد کیا جاتا ہے۔