جے شنکر کی آسٹریلوی وزیرِ اعظم انتھونی البانیز سے ملاقات

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 28-10-2025
وزیرِ خارجہ ایس۔ جے شنکر نے مشرقی ایشیا سمٹ کے موقع پر آسٹریلوی وزیرِ اعظم انتھونی البانیز سے ملاقات کی۔
وزیرِ خارجہ ایس۔ جے شنکر نے مشرقی ایشیا سمٹ کے موقع پر آسٹریلوی وزیرِ اعظم انتھونی البانیز سے ملاقات کی۔

 



 کوالالمپور :  وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر نے پیر کے روز یہاں ہونے والی 20ویں مشرقی ایشیائی سربراہی اجلاس کے موقع پر آسٹریلوی وزیرِاعظم انتھونی البانیز سے ملاقات کی۔

انہوں نے ایکس (سابق ٹوئٹر) پر لکھا،
"20ویں مشرقی ایشیائی سربراہی اجلاس کے موقع پر آسٹریلیا کے وزیرِاعظم انتھونی البانیز سے ملاقات خوشگوار رہی۔"

اس سے قبل، جے شنکر نے ملائیشیا کے وزیرِ خارجہ محمد حاجی حسن سے بھی ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعلقات میں پیش رفت اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال ہوا۔
انہوں نے ایکس پر لکھا،
"ملائیشیا کے وزیرِ خارجہ محمد حاجی حسن سے خوشگوار ملاقات ہوئی۔ آسیان اور مشرقی ایشیائی اجلاسوں کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دوطرفہ تعاون میں پیش رفت پر گفتگو ہوئی اور میانمار کی صورتحال پر خیالات کا تبادلہ کیا۔"

جے شنکر نے 20ویں مشرقی ایشیائی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت پرامن، ترقی یافتہ اور خوشحال خطے کے قیام کے لیے مکمل طور پر پُرعزم ہے اور سمندری تعاون کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا،
"بھارت، مشرقی ایشیائی سربراہی اجلاس (EAS) کی خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، اور ہمیں اس اجلاس کے مثبت نتائج کی توقع ہے۔"

جے شنکر نے مزید بتایا کہ بھارت نے حال ہی میں توانائی کے شعبے میں پالیسیوں کے تبادلے پر ایک ورکشاپ اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کا ایک اجلاس منعقد کیا ہے۔
انہوں نے اجلاس کے آغاز پر وزیرِاعظم نریندر مودی کی جانب سے مشرقی ایشیائی سربراہی اجلاس کی 20ویں سالگرہ پر نیک تمناؤں کا بھی پیغام پہنچایا۔

انہوں نے کہا،"ہماری ترجیح سمندری سلامتی اور رابطہ کاری ہے، اور اس حوالے سے بھارت کا عزم ASEAN Outlook on Indo-Pacific اور 1982 کے اقوام متحدہ کے قانونِ سمندر (UNCLOS) پر مبنی ہے۔"
انہوں نے اعلان کیا کہ سال 2026 کو "آسیان۔بھارت بحری تعاون کا سال" کے طور پر منایا جائے گا۔

20ویں مشرقی ایشیائی سربراہی اجلاس میں آسیان کے 10 ممالک، بھارت، امریکہ، چین، جاپان، آسٹریلیا سمیت 19 ممالک کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں علاقائی تعاون، معاشی استحکام، اور عالمی سلامتی کے مسائل پر غور کیا گیا۔

اس بار سربراہی اجلاس میں برازیل اور جنوبی افریقہ کے صدور کو بھی مہمانِ خصوصی کے طور پر مدعو کیا گیا، کیونکہ وہ بالترتیب برکس (BRICS) اور جی 20 (G20) کے موجودہ چیئرمین ہیں۔ ان کی شمولیت آسیان اور عالمی تنظیموں کے بڑھتے تعلقات کی علامت ہے۔