کاراکاس (وینزویلا): بھارتی فوج نے بدھ کے روز زلزلہ زدہ وینزویلا میں ملبے تلے دبی 79 سالہ خاتون کو بحفاظت نکال کر طبی امداد فراہم کی۔ یہ کارروائی انسانی ہمدردی کے مشن "آپریشن امیستاد" کے تحت انجام دی گئی۔ بھارتی فوج نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ اس کا فیلڈ اسپتال متاثرین کو مسلسل طبی سہولتیں فراہم کر رہا ہے اور امید کی ایک نئی کرن ثابت ہو رہا ہے۔
بیان کے مطابق ملبے سے نکالی گئی خاتون کی ایک ٹانگ ٹوٹ چکی تھی اور وہ پردیی شریانی بیماری (Peripheral Arterial Disease) میں بھی مبتلا تھیں۔ طبی امداد میں تاخیر کے باعث ان کے زخم میں شدید شریانی السر پیدا ہو گیا تھا، جس سے انہیں شدید تکلیف کا سامنا تھا۔ بھارتی فوج کی طبی ٹیم نے خاتون کی ٹوٹی ہوئی ٹانگ کو مستحکم کیا، جدید طریقۂ علاج کے تحت زخم کا علاج شروع کیا اور روزانہ کی بنیاد پر ان کی طبی نگرانی کا انتظام کیا۔
فوج کے مطابق اس اقدام نے خاتون کو نہ صرف خصوصی طبی سہولت فراہم کی بلکہ صحت یابی کی نئی امید بھی دی۔ بھارتی فوج نے کہا کہ "بھارت وینزویلا کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اپنی مدد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔" ادھر وینزویلا کے شہریوں نے بھی بھارتی امدادی کارروائیوں پر اظہارِ تشکر کیا ہے۔
وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے سوشل میڈیا پر متعدد ویڈیوز شیئر کیں جن میں متاثرہ خاندان بھارتی فوج کے فیلڈ اسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی خدمات پر بھارت کا شکریہ ادا کرتے دکھائی دیے۔ ایک ویڈیو میں ایک خاتون نے علاج کے بعد بھارتی ڈاکٹروں اور ماہرینِ صحت کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہیں بہترین طبی نگہداشت فراہم کی گئی۔
دوسری جانب ناسا کے محققین کے مطابق وینزویلا کے وسطی اور شمالی علاقوں میں آنے والے دو شدید زلزلوں سے تقریباً 58 ہزار 870 عمارتیں تباہ یا شدید متاثر ہوئی ہیں۔ سی این این کی رپورٹ کے مطابق وینزویلا کی قومی اسمبلی کے صدر جارج روڈریگیز نے بتایا کہ زلزلوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 1,719 ہو گئی ہے، جبکہ 22 ہزار 619 افراد متاثر ہوئے ہیں، جن میں 5,034 زخمی شامل ہیں۔ حکام کے مطابق متاثرہ 855 عمارتوں میں سے 189 مکمل طور پر منہدم ہو چکی ہیں۔