نئی دہلی
ہندوستانی فوج کا دستہ مصر روانہ ہو گیا ہے تاکہ وہ ہندوستان اور مصر کے درمیان مشترکہ خصوصی افواج کی مشق "سائیکلون – چہارم" میں حصہ لے سکے، جو 9 اپریل سے 17 اپریل تک انشاص میں منعقد کی جائے گی۔
یہ مشق ہندوستان اور مصر کے درمیان بڑھتے ہوئے فوجی تعاون کا تسلسل ہے اور اس سے قبل ہندوستان میں کامیابی کے ساتھ منعقد ہونے والے پچھلے ایڈیشن کے بعد کی جا رہی ہے۔ ایک بیان کے مطابق، ہندوستانی دستہ، جس میں خصوصی افواج کے 25 اہلکار شامل ہیں، ایک حقیقی عملی ماحول میں اپنے مصری ہم منصبوں کے ساتھ تربیت حاصل کرے گا۔
اس مشق کا مقصد مشترکہ مشن کی منصوبہ بندی کی صلاحیت کو بڑھانا اور خصوصی کارروائیوں میں بہترین طریقۂ کار کے تبادلے کے ذریعے باہمی ہم آہنگی کو بہتر بنانا ہے۔ شریک فوجی دستے صحرائی اور نیم صحرائی علاقوں میں خصوصی کارروائیوں سے متعلق حکمتِ عملی، تکنیک اور طریقۂ کار پر مبنی مختلف تربیتی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ مشترکہ مشق پیشہ ورانہ مہارتوں کے باہمی تبادلے کو فروغ دے گی اور باہمی رفاقت کے تعلتعلقات کو مضبوط بنانے کا موقع فراہم کرے گی، ساتھ ہی ایک دوسرے کی فوجی روایات اور ثقافت کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد دے گی۔
اس طرح کی دوطرفہ فوجی مشقیں، جیسے مشق سائیکلون، ہندوستان اور مصر کے درمیان دفاعی تعاون کا ایک اہم حصہ ہیں، جو باہمی اعتماد کو فروغ دیتی ہیں اور دونوں ممالک کی افواج کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بناتی ہیں