ہندوستانی امداد وینزویلا پہنچ گئی

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 29-06-2026
ہندوستانی امداد وینزویلا پہنچ گئی
ہندوستانی امداد وینزویلا پہنچ گئی

 



نئی دہلی: بھارت کی جانب سے آپریشن امیستاد کے تحت زلزلہ زدہ وینزویلا کے لیے بھیجی گئی امدادی اشیا، طبی سامان اور فیلڈ اسپتال یونٹ وہاں پہنچ گیا ہے۔ وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کہا ہے کہ یہ انسانی امداد جاری امدادی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے میں مدد دے گی۔

ایس جے شنکر نے اتوار کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ بھارتی امدادی سامان وینزویلا پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ فیلڈ اسپتال یونٹ، امدادی اشیا، ادویات اور طبی آلات زلزلے کے بعد جاری امدادی کارروائیوں میں اہم کردار ادا کریں گے۔

بھارتی فضائیہ نے بھی ایکس پر بتایا کہ اس کے دو سی-17 گلوب ماسٹر III طیاروں نے نئی دہلی سے وینزویلا کے دارالحکومت کاراکاس تک 14 ہزار کلومیٹر سے زائد کا فاصلہ تقریباً 23 گھنٹوں میں طے کیا۔ فضائیہ کے مطابق دونوں طیارے 66 ٹن انسانی امداد لے کر مائیکیتیا بین الاقوامی ہوائی اڈے پہنچے، جس میں بھارتی فوج کا فیلڈ اسپتال، 35 ٹن سے زائد امدادی سامان، ادویات، طبی آلات اور دو بھیشم کیوبز شامل تھے۔

فضائیہ نے کہا کہ یہ مشن دنیا بھر میں ضرورت کے وقت فوری امداد پہنچانے کی بھارت کی صلاحیت اور ایک ذمہ دار انسانی شراکت دار کے طور پر اس کے کردار کا مظہر ہے۔ بھارت نے آپریشن امیستاد کے تحت جمعہ کے روز دو سی-17 طیاروں کے ذریعے امدادی سامان اور 41 رکنی ریسکیو ٹیم وینزویلا روانہ کی تھی تاکہ وہاں جاری امدادی اور بچاؤ کی کارروائیوں میں تعاون کیا جا سکے۔

وزارت خارجہ نے 26 جون کو کہا تھا کہ بھارت اس مشکل وقت میں وینزویلا کی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ بدھ کی شام وینزویلا میں 7.2 اور 7.5 شدت کے دو طاقتور زلزلے آئے تھے، جو گزشتہ ایک صدی سے زائد عرصے کے دوران ملک میں آنے والے شدید ترین زلزلوں میں شمار کیے جا رہے ہیں، اور ان کے جھٹکے پورے خطے میں محسوس کیے گئے۔