واشنگٹن (اے این آئی): امریکی وزیرِ تجارت ہاورڈ لٹ نِک نے کہا ہے کہ اگرچہ ہندوستان روس کے ساتھ تیل کی تجارت جاری رکھنے کے اپنے مؤقف پر سختی سے قائم ہے، لیکن آنے والے چند ماہ میں نئی دہلی بالآخر واشنگٹن کے ساتھ معاہدہ کرنے کے لیے مذاکرات کی میز پر واپس آجائے گا۔بلومبرگ ٹی وی سے بات کرتے ہوئے لٹ نِک نے کہا کہ تو میرا خیال ہے، ہاں، ایک یا دو ماہ میں ہندوستان میز پر ہوگا اور وہ معذرت کرے گا اور ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ معاہدہ کرنے کی کوشش کرے گا۔انہوں نے مزید خبردار کیا کہ اگر ہندوستان نے امریکہ کے ساتھ ہم آہنگی نہ دکھائی تو اسے نتائج بھگتنے ہوں گے۔"اگر ہندوستان نے امریکہ کی حمایت نہ کی تو اسے اپنی برآمدات پر 50 فیصد ٹیکس دینا پڑے گا،" انہوں نے وارننگ دی۔یہ بیانات اس وقت سامنے آئے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا تھا کہ امریکہ "ہندوستان اور روس کو چین کے ہاتھوں کھو بیٹھا ہے۔" تاہم جمعہ کو ٹرمپ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایسا نہیں سمجھتے۔
وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے ہندوستان کی روسی تیل کی خریداری پر مایوسی ظاہر کی اور اس 50 فیصد ٹیکس کا ذکر کیا جو امریکہ نے ہندوستان پر عائد کیا ہے۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ انہوں نے اپنی پوسٹ میں ہندوستان کو چین کے ہاتھوں کھونے کا الزام کس پر لگایا ہے تو امریکی صدر نے کہاکہ مجھے نہیں لگتا کہ ایسا ہوا ہے۔ میں اس بات پر بہت مایوس ہوں کہ ہندوستان اتنا زیادہ تیل روس سے خرید رہا ہے۔ میں نے انہیں یہ بات بتائی بھی۔ ہم نے ہندوستان پر بہت بڑا ٹیکس لگایا ہے — 50 فیصد، بہت زیادہ ٹیکس۔ میری (وزیراعظم) مودی کے ساتھ بہت اچھی دوستی ہے جیسا کہ آپ جانتے ہیں۔ وہ چند ماہ قبل یہاں آئے تھے، درحقیقت ہم نے روز گارڈن میں مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی تھی۔"
ان کے یہ ریمارکس ایسے وقت میں سامنے آئے جب چند روز قبل بھارت، روس اور چین نے تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس میں ایک ساتھ کھڑے ہوکر شمولیت کی۔ اسی دوران ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا تھا کہ امریکہ نے "روس اور ہندوستان کو گہرے، سیاہ چین کے حوالے کر دیا ہے۔"
ٹرمپ نے لکھا کہ لگتا ہے ہم نے ہندوستان اور روس کو گہرے، تاریک چین کے حوالے کر دیا ہے۔ اللہ کرے کہ ان کا ساتھ لمبا اور خوشحال ہو،اس سے قبل جمعہ کو ٹرمپ کے تجارتی اور مینوفیکچرنگ کے سینئر مشیر پیٹر نیوارو نے ایک بار پھر ہندوستان پر روسی تیل سے منافع کمانے کا الزام لگایا اور دعویٰ کیا کہ ہندوستان کے ٹیرف "امریکیوں کی نوکریاں چھین رہے ہیں۔"
اسی روز وائٹ ہاؤس کے اقتصادی مشیر کیون ہیسٹ نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور تجارتی ٹیم ہندوستان کی روسی خام تیل کی درآمدات پر "مایوس" ہیں لیکن مثبت پیش رفت کی امید رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا:"میرا خیال ہے کہ تجارتی ٹیم اور صدر اس بات پر مایوس ہیں کہ ہندوستان روس کی یوکرین جنگ کو فنڈ کرتا جا رہا ہے۔۔۔ امید ہے کہ یہ جمہوری معاملہ ہے، اور ہم مثبت پیش رفت دیکھیں گے
اس سے قبل ہندوستانی وزارتِ خارجہ(MEA) نے صدر ٹرمپ کے تازہ بیانات پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا تھا جن میں انہوں نے بھارت، روس اور چین کا ذکر کیا تھا۔بھارت-امریکہ تجارتی مسائل پر وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ہندوستان "تجارتی معاملات پر امریکی فریق کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔
امریکہ نے ہندوستانی مصنوعات پر 50 فیصد ٹیرف عائد کر دیا ہے، جس میں روسی تیل کی درآمدات پر 25 فیصد جرمانہ بھی شامل ہے۔ ہندوستانی حکومت نے اس سے قبل کہا تھا کہ ہندوستان کے کسی بھی ملک کے ساتھ تعلقات اپنی جگہ قائم ہیں اور انہیں کسی تیسرے ملک کے تناظر میں نہیں دیکھا جانا چاہیے۔