نقشے کی درست نمائندگی کے لیے ہندوستان نے اقوام متحدہ میں ووٹ دیا

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 05-09-2026
نقشے کی درست نمائندگی کے لیے ہندوستان نے اقوام متحدہ میں ووٹ دیا
نقشے کی درست نمائندگی کے لیے ہندوستان نے اقوام متحدہ میں ووٹ دیا

 



 اقوام متحدہ: ہندوستان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں دنیا کے نقشے کی اصلاح اور براعظمی زمینی خطوں کی زیادہ درست نمائندگی کو فروغ دینے سے متعلق قرارداد کے حق میں ووٹ دیا ہے۔ 193 رکنی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے جمعہ کو ’’نقشہ درست کریں: عالمی نقشہ نگاری میں توازن اور دنیا کے خطوں، بالخصوص افریقہ، کی مساوی نمائندگی کو فروغ دینا‘‘ کے عنوان سے قرارداد بھاری اکثریت سے منظور کرلی۔

ٹوگو کی جانب سے پیش کی گئی اس قرارداد کے حق میں 164 ممالک نے ووٹ دیا، جبکہ ایسٹونیا، جارجیا، لتھوانیا، مالدووا، سربیا اور یوکرین نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ صرف امریکہ نے قرارداد کے خلاف ووٹ دیا۔ قرارداد میں کہا گیا کہ 16ویں صدی میں بحری سفر اور سمت کا تعین کرنے کے مقصد سے تیار کیا گیا مرکیٹر پروجیکشن آج بھی تعلیمی، میڈیا، ڈیجیٹل اور سرکاری مواد میں بڑے پیمانے پر استعمال ہوتا ہے، حالانکہ اس میں خطِ استوا سے شمال اور جنوب کی جانب موجود زمینی خطوں کے حجم میں نمایاں تحریف دکھائی دیتی ہے۔

قرارداد میں اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا کہ اس تحریف کے باعث افریقہ، لاطینی امریکہ اور جنوبی ایشیا کا حجم حقیقت کے مقابلے میں کم دکھائی دیتا ہے اور دنیا کے بارے میں ایک غیر متوازن تصور کو تقویت ملتی ہے۔ جنرل اسمبلی میں ووٹ کی وضاحت کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں ہندوستان کے مستقل مشن کے فرسٹ سیکریٹری رگھو پوری نے کہا کہ ہندوستان قرارداد کے اس مقصد کا خیرمقدم کرتا ہے، جس کا مقصد زیادہ درست اور نمائندہ نقشہ نگاری کے طریقوں کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’ہم سمجھتے ہیں کہ نقشے اس بات میں اہم کردار ادا کرتے ہیں کہ معاشرے جغرافیہ اور اپنے اردگرد کی دنیا کے نسبتی حجم کو کس طرح سمجھتے ہیں۔‘‘

تاہم ہندوستان نے قرارداد کے دائرۂ کار کے حوالے سے اپنی پوزیشن واضح کرتے ہوئے کہا کہ اس قرارداد کو Equal Area نقشوں کے زیادہ وسیع استعمال اور ان پر غور کی حمایت کے طور پر سمجھا جانا چاہیے، نہ کہ Equal Earth یا کسی دوسرے مخصوص نقشہ نگاری کے طریقے کی توثیق کے طور پر۔