نئی دہلی:ہندوستان میں امریکہ کے سفیر سرجیو گور نے آبنائے ہرمز کی صورت حال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ مغربی ایشیا میں بڑھتے ہوئے تنازع کے باعث توانائی کی سپلائی متاثر ہو سکتی ہے اور عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے میں ہندوستان ایک اہم کردار ادا کرتا ہے۔جمعہ کو انڈیا ٹوڈے کنکلیو میں ایک نشست سے خطاب کرتے ہوئے سرجیو گور نے کہا کہ اس وقت صورتحال یہ ہے کہ ایران آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ان کے مطابق ایرانی کارروائیوں میں تجارتی جہازوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جن میں ہندوستانی بھی شامل ہیں اور گزشتہ چند دنوں میں ایرانی میزائلوں اور ڈرون حملوں میں کچھ افراد کی جانیں بھی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس ماحول میں ہندوستان صورتحال کو بخوبی سمجھتا ہے اور تیل کی عالمی قیمتوں کو مستحکم رکھنے کے لیے امریکہ کا ایک اہم شراکت دار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرنے پر ہندوستان کی کوششوں کو سراہتا ہے تاکہ دنیا بھر میں تیل کی قیمتیں مستحکم رہ سکیں۔
سرجیو گور نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس عزم کا بھی ذکر کیا کہ ایران کو جوہری طاقت بننے سے روکنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کے تنازع میں شامل ہونے کے پہلے ہی دن ایران نے اپنے تقریباً تمام پڑوسی ممالک پر حملے کیے اور خلیجی خطے میں کسی بھی ملک کو اس خطرناک طرز عمل سے محفوظ نہیں رہنے دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کی کارروائیاں آذربائیجان اور ترکی تک پھیل چکی ہیں جو اس بات کی نشاندہی کرتی ہیں کہ صورتحال نہایت غیر مستحکم ہے۔ ان کے مطابق اگر ایسی طاقت کے پاس جوہری ہتھیار ہوں تو اس کے نتائج انتہائی سنگین ہو سکتے ہیں اور امریکی صدر خطے اور دنیا میں استحکام لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
دوسری جانب ایران کے فوجی ہیڈکوارٹر خاتم الانبیاء نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکہ یا اسرائیل کی جانب سے ایران کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا گیا تو اس کے سنگین نتائج سامنے آئیں گے۔ ایرانی فوج کے ترجمان نے کہا کہ ایران کے توانائی کے مراکز یا بندرگاہوں پر معمولی سا حملہ بھی تباہ کن ردعمل کا سبب بنے گا اور خطے میں موجود وہ تمام تیل اور گیس تنصیبات نشانہ بنائی جا سکتی ہیں جن میں امریکہ اور اس کے مغربی اتحادیوں کے مفادات شامل ہیں۔
ادھر ایران کے نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے بھی اشارہ دیا ہے کہ آبنائے ہرمز کو بند کرنے کا اختیار دباؤ کے ایک حربے کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ایرانی سرکاری ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے بیان میں انہوں نے کہا کہ عوام کی خواہش مؤثر دفاع کو جاری رکھنے کی ہے اور آبنائے ہرمز کو بند کرنے کے امکان کو بطور دباؤ برقرار رکھا جانا چاہیے۔
حالیہ دنوں میں ایران نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں پر اپنی پابندیاں مزید سخت کر دی ہیں جبکہ امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے جاری حملوں کے درمیان خطے میں کشیدگی بڑھتی جا رہی ہے۔ ایران کا کہنا ہے کہ وہ جہاز جو امریکہ اور اسرائیل کے مفادات کے لیے کام نہیں کر رہے وہ اس راستے سے محفوظ طریقے سے گزر سکتے ہیں۔