ہندوستان انڈونیشیا کو اعلیٰ معیار کے 100 ٹن گیہوں کے بیج فراہم کرے گا: وزیر اعظم مودی

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 07-07-2026
ہندوستان انڈونیشیا کو اعلیٰ معیار کے 100 ٹن گیہوں کے بیج فراہم کرے گا: وزیر اعظم مودی
ہندوستان انڈونیشیا کو اعلیٰ معیار کے 100 ٹن گیہوں کے بیج فراہم کرے گا: وزیر اعظم مودی

 



جکارتہ وزیر اعظم نریندر مودی نے اعلان کیا ہے کہ ہندوستان انڈونیشیا کو اعلیٰ معیار کے ڈی ڈبلیو آر 162 قسم کے 100 ٹن گیہوں کے بیج فراہم کرے گا تاکہ وہاں غذائی تحفظ کو مضبوط بنایا جا سکے اور دونوں ممالک کے درمیان زرعی تعاون کو مزید وسعت دی جا سکے۔:

یہ اعلان وزیر اعظم مودی کے انڈونیشیا کے سرکاری دورے کے دوران کیا گیا جہاں دونوں ممالک نے خطے میں مضبوط غذائی تحفظ کے نظام کی تعمیر اور جامع اسٹریٹجک تعاون کے ایک نئے سنہری باب کا آغاز کرنے پر اتفاق کیا۔

انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو کے ساتھ مشترکہ پریس بیان میں وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ہندوستانی حکومت انڈونیشیا کی غذائی سلامتی کو مضبوط بنانے کے لیے خصوصی طور پر تیار کردہ ہندوستانی گیہوں فراہم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے مڈ ڈے میل اسکیم اور عوامی تقسیم کے نظام سے متعلق اپنے تجربات اور مؤثر طریقوں کا بھی تبادلہ کیا ہے اور اس تعاون کو مزید آگے بڑھایا جا رہا ہے۔

وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ہندوستان میں تیار کیے گئے گیہوں کے بیج انڈونیشیا کو فراہم کیے جائیں گے تاکہ اس کے غذائی تحفظ کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک پائیدار زراعت اور زرعی ٹیکنالوجی کے شعبے میں بہترین تجربات ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ 21 ویں صدی ٹیکنالوجی کی صدی ہے اور نوجوانوں کی اس شعبے میں گہری دلچسپی ہے۔

انڈونیشیا اپنی گرم مرطوب آب و ہوا کے باعث گیہوں کی کاشت نہیں کرتا اور مکمل طور پر درآمدات پر انحصار کرتا ہے۔ اسی وجہ سے وہ دنیا کے سب سے بڑے گیہوں درآمد کرنے والے ممالک میں شمار ہوتا ہے۔

ہندوستان اور انڈونیشیا نے زراعت اور متعلقہ شعبوں میں تعاون کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیے۔

انڈونیشیا میں ہندوستان کے سفیر سندیپ چکرورتی نے زرعی تعاون کی اس پیش رفت کو اسٹریٹجک لحاظ سے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک طویل مدتی پائیدار زرعی نظام کی تشکیل کے لیے مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علاقائی غذائی استحکام کے مقصد کے تحت دونوں ممالک مضبوط غذائی تحفظ کے نظام کی تعمیر کر رہے ہیں۔ ہندوستان نے انڈونیشیا کی غذائی تحفظ کی ترجیحات میں فعال تعاون کیا ہے جس میں اعلیٰ معیار کے ڈی ڈبلیو آر 162 قسم کے 100 ٹن گیہوں کے بیجوں کی فراہمی ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام پائیدار اور مضبوط زرعی نظام کی تشکیل کے لیے جاری وسیع تعاون کا حصہ ہے۔

وزیر اعظم مودی کے دورۂ انڈونیشیا کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دفاع۔ خلائی تحقیق۔ صحت۔ زراعت۔ ٹیکنالوجی اور اہم معدنیات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔

دونوں ممالک نے اپنی جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مجموعی طور پر 20 اہم فیصلوں کا اعلان کیا جن میں 14 مفاہمتی یادداشتیں اور معاہدے جبکہ 6 بڑے اعلانات شامل ہیں جو اسٹریٹجک۔ اقتصادی۔ تکنیکی اور ثقافتی تعاون کے مختلف شعبوں کا احاطہ کرتے ہیں۔