ہندوستان اور سلوواکیہ کے درمیان مزدور ہجرت اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی پر معاہدے

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 15-06-2026
ہندوستان اور سلوواکیہ کے درمیان مزدور ہجرت اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی پر معاہدے
ہندوستان اور سلوواکیہ کے درمیان مزدور ہجرت اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی پر معاہدے

 



براتسلاوا:ہندوستان اور سلوواکیہ نے مزدوروں کی نقل و حرکت اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی  نے پیر کے روز اعلان کیا کہ سلوواکیہ کے وزیر اعظم رابرٹ فیکو  کے ساتھ مزدور ہجرت اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے متعلق معاہدوں پر اتفاق ہوا ہے جبکہ سماجی تحفظ کے شعبے میں ایک اور معاہدہ بھی جلد حتمی شکل دی جائے گی۔

براتسلاوا میں مشترکہ پریس بیان سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ یہ معاہدہ پیشہ ور افراد اور ہنرمند کارکنوں کی نقل و حرکت کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوگا اور عالمی سطح پر قریبی تعاون کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور سلوواکیہ عالمی پلیٹ فارم پر بھی قریبی ہم آہنگی کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ دونوں ممالک اس بات پر متفق ہیں کہ تمام تنازعات اور کشیدگیوں کو پرامن طریقے سے حل کیا جانا چاہیے۔ آج ہم نے اپنے دونوں ممالک کے درمیان پیشہ ور افراد اور ہنرمند کارکنوں کی نقل و حرکت بڑھانے کے لیے مزدور ہجرت سے متعلق مفاہمتی یادداشت کا اعلان کیا ہے۔ سماجی تحفظ کے شعبے میں بھی جلد ایک معاہدہ مکمل کر لیا جائے گا۔

وزیر اعظم مودی نے سلوواکیہ کے عوام کو ہندوستان آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ 140 کروڑ ہندوستانیوں کی جانب سے میں آپ کو ہندوستان آنے کی دعوت دیتا ہوں اور مجھے خوشی ہے کہ آپ نے اس دعوت کو عوامی طور پر قبول کیا ہے۔

ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے معاہدے کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان ڈیجیٹل عوامی انفراسٹرکچر کے شعبے میں تعاون کے نئے امکانات پیدا ہوں گے۔ انہوں نے سلوواکیہ کی ایک یونیورسٹی میں "انڈیا چیئر آن اے آئی" کے قیام پر بھی خوشی کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی ہماری مستقبل کی شراکت داری کا ایک اہم ستون ہے۔ آج دستخط ہونے والا ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا معاہدہ ڈیجیٹل عوامی انفراسٹرکچر میں تعاون کے نئے دروازے کھولے گا۔ مجھے خوشی ہے کہ سلوواکیہ کی ایک یونیورسٹی میں انڈیا چیئر برائے مصنوعی ذہانت قائم کی جا رہی ہے۔

اپنے خطاب میں سلوواکیہ کے وزیر اعظم رابرٹ فیکو نے ہندوستان کی تیز رفتار اقتصادی ترقی ڈیجیٹل تبدیلی اور مصنوعی ذہانت کے میدان میں پیش رفت کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے کئی اہم شعبوں میں ترقی یافتہ ممالک کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

فیکو نے کہا کہ سلوواکیہ اور ہندوستان کے درمیان کئی مشترکہ مفادات موجود ہیں اور انہوں نے مختلف شعبوں میں ہندوستان کی کامیابیوں کو سراہا۔

وزیر اعظم مودی کی میزبانی کو اعزاز قرار دیتے ہوئے انہوں نے ہندوستان کے بڑھتے ہوئے عالمی مقام کا بھی ذکر کیا۔

انہوں نے کہا کہ میرے لیے یہ بڑے اعزاز کی بات ہے کہ میں دنیا کی سب سے بڑی آبادی والے ملک کے وزیر اعظم کا استقبال کر رہا ہوں۔ یہ دنیا کی پانچویں بڑی معیشت بھی ہے اور اس کا ہدف دنیا کی تیسری بڑی معیشت بننا ہے۔

سلوواکیہ کے وزیر اعظم نے ڈیجیٹلائزیشن اور مصنوعی ذہانت سمیت مختلف شعبوں میں ہندوستان کی پیش رفت پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے مختلف میدانوں میں شاندار نتائج حاصل کیے ہیں۔ ڈیجیٹلائزیشن اور مصنوعی ذہانت کے استعمال میں آپ نمایاں مقام رکھتے ہیں۔ آپ نے اتنی تیزی سے ترقی کی ہے کہ دنیا کے کئی ترقی یافتہ ممالک سے بھی آگے نکل گئے ہیں۔