ہند- سعودی سرکاری سفری سہولتوں اور دو طرفہ تبادلوں کو فروغ دینے کے لیے معاہدے پر دستخط

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 18-12-2025
ہند- سعودی  سرکاری سفری سہولتوں اور دو طرفہ تبادلوں کو فروغ دینے کے لیے معاہدے پر دستخط
ہند- سعودی سرکاری سفری سہولتوں اور دو طرفہ تبادلوں کو فروغ دینے کے لیے معاہدے پر دستخط

 



 ریاض :ہندوستان میں سعودی عرب کے سفیر سہیل اعجاز خان اور سعودی وزارت خارجہ کے پروٹوکول امور کے نائب وزیر عبدالمجید بن راشد السماری نے دو طرفہ ویزا استثنیٰ معاہدے پر دستخط کیے۔

اس اقدام کا مقصد ہندوستان سعودی عرب اسٹریٹجک پارٹنرشپ کونسل کے تحت آمد و رفت کو آسان بنانا ہے۔

سعودی عرب میں ہندوستانی سفارت خانے نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ اسٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط کیا جا رہا ہے۔ سفیر ڈاکٹر سہیل اعجاز خان اور عبدالمجید بن راشد السماری نے آج ریاض میں سفارتی خصوصی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے دو طرفہ ویزا استثنیٰ معاہدے پر دستخط کیے۔ یہ معاہدہ سرکاری سفروں کو سہل بنائے گا اور ہندوستان سعودی عرب اسٹریٹجک پارٹنرشپ کونسل کے تحت دو طرفہ تبادلوں کو فروغ دے گا۔

اس سے قبل 5 دسمبر کو لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے اعلان کیا تھا کہ ہندوستانی پارلیمنٹ جلد ہی ہندوستان سعودی عرب پارلیمانی دوستی گروپ قائم کرے گی۔

یہ اعلان سعودی عرب کی شوریٰ کونسل کی سعودی ہندوستان پارلیمانی دوستی کمیٹی کے چیئرمین میجر جنرل عبد الرحمان بن سنحت الحربی کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کے دوران کیا گیا جو پارلیمنٹ ہاؤس میں اسپیکر سے ملنے آیا تھا۔

وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے اوم برلا نے کہا کہ پارلیمانی سفارت کاری ممالک کے درمیان ایک اہم پل ہے جو باہمی سمجھ بوجھ بہترین تجربات کے تبادلے اور مضبوط ادارہ جاتی تعاون کو ممکن بناتی ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کی پارلیمانی کمیٹیوں کے درمیان باقاعدہ رابطے پر زور دیا۔

اسپیکر نے ہندوستان اور سعودی عرب کے درمیان صدیوں پرانے مذہبی ثقافتی اور معاشی روابط کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ایک دہائی میں اعلیٰ سطحی تبادلوں نے دفاع توانائی صلاحیت سازی اور ابھرتے ہوئے اسٹریٹجک شعبوں میں شراکت داری کو نئی بلندیوں تک پہنچایا ہے۔

اوم برلا نے سعودی عرب میں مقیم بڑی ہندوستانی برادری کی مسلسل حمایت پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی تارکین وطن نے اپنی محنت نظم و ضبط اور مقامی معیشت میں خدمات کے ذریعے عالمی سطح پر عزت حاصل کی ہے۔