قاہرہ۔ : وزارت خارجہ میں سکریٹری برائے قونصلر پاسپورٹ ویزا اور بیرون ملک ہندوستانی امور سری پریا رنگناتھن نے عرب لیگ کے اسسٹنٹ سکریٹری جنرل سفیر خالد منزلوی سے ملاقات کی۔ اس دوران دونوں فریقوں نے ہندوستان اور عرب ممالک کے درمیان شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
مصر میں ہندوستانی سفارت خانے نے پیر کے روز ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ سری پریا رنگناتھن نے عرب لیگ کے اسسٹنٹ سکریٹری جنرل سفیر خالد منزلوی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دوسرے ہندوستان۔ عرب وزرائے خارجہ اجلاس میں منظور کیے گئے 2026 سے 2028 کے ایگزیکٹو پروگرام پر عمل درآمد کو آگے بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس میں تعاون کے نئے اور ابھرتے ہوئے شعبوں میں ٹھوس اقدامات بھی شامل ہیں۔
دونوں فریقوں نے ہندوستان اور عرب ممالک کے درمیان شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔اس سے قبل اتوار کے روز سری پریا رنگناتھن نے ہندوستان۔ مصر برکس شراکت داری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہندوستان کی برکس 2026 کی صدارت کی اہم ترجیحات پر روشنی ڈالی تھی۔مصر میں ہندوستانی سفارت خانے نے بتایا کہ سری پریا رنگناتھن نے قاہرہ کے ڈپلومیٹک کلب میں منعقدہ ہندوستان۔ مصر برکس شراکت داری کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کیا۔ یہ کانفرنس ہندوستانی سفارت خانے نے انڈین کونسل آف ورلڈ افیئرز کے تعاون سے منعقد کی تھی۔
سفارت خانے کے مطابق سکریٹری رنگناتھن نے ہندوستان کی برکس 2026 کی صدارت کی ترجیحات کو اجاگر کیا اور کہا کہ ہندوستان۔ مصر اسٹریٹجک شراکت داری برکس کے اندر قریبی تعاون اور عالمی جنوب کی ترجیحات کو آگے بڑھانے کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہے۔سری پریا رنگناتھن 16 سے 21 اگست تک مصر۔ فلسطین اور لبنان کے سرکاری دورے پر ہیں۔
وزارت خارجہ کے مطابق دورے کے دوران وہ اپنے ہم منصبوں کے علاوہ خطے کے اہم شراکت داروں سے بھی ملاقات کریں گی۔ دورے کا مقصد ان ممالک کے ساتھ ہندوستان کے دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ اس کے علاوہ علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔وزارت خارجہ نے کہا کہ موجودہ عہدہ سنبھالنے کے بعد سری پریا رنگناتھن کا خطے کا یہ پہلا دورہ ہے۔ اس دورے سے ان شراکت دار ممالک کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات اور تعاون کو مزید گہرا کرنے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔