نئی دہلی
ہندوستان نے پیر کے روز ایران میں موجود اپنے شہریوں کے لیے سفری انتباہ ایک بار پھر جاری کرتے ہوئے انہیں ایران کا سفر نہ کرنے اور وہاں موجود افراد کو دستیاب ذرائع سے جلد از جلد ملک چھوڑنے کا مشورہ دیا ہے۔
یہ ہدایت خطے میں حالیہ پیش رفت کے پیشِ نظر جاری کی گئی ہے۔ایران میں موجود ہندوستانی سفارت خانے نے ایک ہنگامی مشورے میں اپنی سابقہ ہدایات دہراتے ہوئے کہا کہ تمام ہندوستانی شہری ایران کا سفر کرنے سے گریز کریں۔
سفارت خانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ خطے میں تازہ صورتحال کے پیشِ نظر سفارت خانہ تمام ہندوستانی شہریوں کو ایران کا سفر نہ کرنے کی اپنی سابقہ ہدایت دوبارہ جاری کرتا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ جو ہندوستانی شہری اس وقت ایران میں موجود ہیں، انہیں بھی مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ دستیاب سفری ذرائع کے ذریعے ملک سے باہر نکل جائیں۔
پیر کے روز اسرائیل نے تہران کی جانب سے میزائل حملوں کے جواب میں ایران کے وسطی اور مغربی علاقوں میں فضائی حملے کیے۔اس سے قبل 7 اپریل کو بھی ہندوستان نے اپنے شہریوں کو ہدایت دی تھی کہ وہ آئندہ 48 گھنٹوں تک جہاں ہیں وہیں محفوظ مقامات پر رہیں۔
یہ مشورہ اُس وقت جاری کیا گیا تھا جب امریکی صدر ٹرمپ نے خبردار کیا تھا کہ اگر ایران نے آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی ختم کرنے کے لیے امریکی وقت کے مطابق رات 8 بجے کی ڈیڈ لائن پر عمل نہ کیا تو ’’آج رات ایک پوری تہذیب تباہ ہو سکتی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، 28 فروری کو اسرائیل اور امریکہ کی جانب سے ایرانی اہداف پر حملوں کے بعد تنازع شروع ہونے کے وقت ایران میں تقریباً 9 ہزار ہندوستانی شہری موجود تھے، جن میں طلبہ بھی شامل تھے۔ اب تک تقریباً 1,800 ہندوستانی شہری واپس ہندوستان پہنچ چکے ہیں۔