نئی دہلی [ہندستان]، 10 ستمبر (اے این آئی): وزارتِ خارجہ کے مطابق، ہندستان، ایران اور آرمینیا نے پیر کے روز تہران میں سہ فریقی مذاکرات کے تیسرے دور کا انعقاد کیا۔یہ اجلاس 8 ستمبر کو تہران میں ہوا جس کی صدارت مشترکہ طور پر آنند پرکاش (جوائنٹ سکریٹری، پی اے آئی) نے ہندستان کی نمائندگی میں، محمد رضا بہرامی (ڈائریکٹر جنرل برائے جنوبی ایشیا، وزارتِ خارجہ ایران) نے ایران کی جانب سے، اور آناہیت کاراپیٹیان (ہیڈ آف ایشیا پیسفک ڈپارٹمنٹ، وزارتِ خارجہ آرمینیا) نے آرمینیا کی جانب سے کی۔فریقین نے سہ فریقی مشاورت کے باقاعدہ اور سالانہ انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا اور ان فیصلوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا جو پہلی میٹنگ (اپریل 2023 کو ایریوان میں) اور دوسری میٹنگ (دسمبر 2024 کو نئی دہلی میں) میں کیے گئے تھے۔
وزارتِ خارجہ کے بیان کے مطابق، فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ باہمی مفادات کے حصول اور خطے میں خوشحالی اور فلاح و بہبود کے فروغ کے لیے ان اجلاسوں کے طے شدہ مقاصد کو مکمل کیا جائے۔اس موقع پر تعاون کے فروغ اور اس کی مزید توسیع پر زور دیا گیا، بالخصوص رابطوں کے شعبے میں، جن میں انٹرنیشنل نارتھ-ساوتھ ٹرانسپورٹ کوریڈور(INSTC) اور آرمینیا کا "کراس روڈز آف پیس" منصوبہ شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ، اقتصادی، تجارتی اور باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں تعلقات کے فروغ کی غرض سے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا اور ان پر روشنی ڈالی گئی۔مزید برآں، وزارتِ خارجہ نے بتایا کہ یہ طے پایا کہ سہ فریقی مشاورت کا اگلا دور 2026 میں آرمینیا میں منعقد ہوگا۔
دوسری ہندستان-ایران-آرمینیا سہ فریقی مشاورت دسمبر 2024 میں نئی دہلی میں منعقد ہوئی تھی، جہاں تینوں فریقین نے رابطوں کے منصوبے، کثیرالجہتی پلیٹ فارمز میں شمولیت اور علاقائی حالات سمیت کئی امور پر تبادلہ خیال کیا تھا۔اس بحث کی قیادت ہندستان کی جانب سے پاکستان، افغانستان اور ایران ڈویژن کے جوائنٹ سکریٹری جے پی سنگھ نے کی، جبکہ ایران کی نمائندگی وزارتِ خارجہ کے ساؤتھ ایشیا ڈویژن کے ڈائریکٹر جنرل ہاشم اشجاع زادہ نے کی۔ آرمینیا کی نمائندگی وزارتِ خارجہ کے ایشیا پیسفک ڈپارٹمنٹ کی سربراہ آناہیت کاراپیٹیان نے کی۔
وزارتِ خارجہ نے ایک پوسٹ میں کہا تھا:"ہندستان-ایران-آرمینیا سہ فریقی مشاورت کا دوسرا اجلاس آج نئی دہلی میں منعقد ہوا۔ بات چیت میں رابطوں کے منصوبے، کثیرالجہتی شمولیت اور علاقائی پیش رفت شامل رہی۔ تجارت، سیاحت، ثقافتی تبادلے اور عوامی روابط کو مضبوط کرنے پر زور دیا گیا۔یاد رہے کہ تینوں ممالک کے درمیان پہلی سہ فریقی مشاورت اپریل 2023 میں آرمینیا کے دارالحکومت ایریوان میں منعقد ہوئی تھی۔