ہندوستان نے کینیڈین وزیر اعظم کارنی کو مودی کے ساتھ بات چیت کے لیے مدعو کیا: کینیڈین میڈیا

Story by  شیخ محمد یونس | Posted by  Aamnah Farooque | Date 23-10-2025
ہندوستان نے کینیڈین وزیر اعظم کارنی کو مودی کے ساتھ بات چیت کے لیے مدعو کیا: کینیڈین میڈیا
ہندوستان نے کینیڈین وزیر اعظم کارنی کو مودی کے ساتھ بات چیت کے لیے مدعو کیا: کینیڈین میڈیا

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
کینیڈین اخبار دی گلوب اینڈ میل کی رپورٹ کے مطابق، ہندوستان نے کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی کو آئندہ سال کے اوائل میں وزیراعظم مودی سے ملاقات کے لیے نئی دہلی آنے کی دعوت دی ہے۔ یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان جامع اقتصادی اور آزاد تجارتی شراکت داری کے لیے راستہ ہموار کر سکتا ہے۔
ہندوستان کے کینیڈا میں نئے ہائی کمشنر دینیش کمار پٹّنائک نے اخبار کو بتایا کہ دونوں ممالک سفارتی کشیدگی کم کرنے اور تجارت و سرمایہ کاری پر توجہ مرکوز کرنے کے لیے ’’مخلصانہ کوشش‘‘ کر رہے ہیں، خاص طور پر ایسی صورتحال میں جب امریکہ کے ساتھ تجارتی محصولات کے معاملے پر تناؤ جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر وسیع تجارتی معاہدہ طے پا جاتا ہے تو دو طرفہ تجارت سالانہ 50 ارب ڈالر سے بھی تجاوز کر سکتی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ کینیڈا کے وزیراعظم جلد ہندوستان کا دورہ کریں۔ یہ ایسا تعلق ہے جسے ہم بگڑتے نہیں دیکھنا چاہتے۔ 2023 کی خزاں میں آزاد تجارتی بات چیت اس وقت روک دی گئی تھی جب اُس وقت کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے مودی حکومت پر سرے (بی سی) میں سکھ کارکن ہرپریت سنگھ نججر کے قتل میں ملوث ہونے کا الزام لگایا تھا۔ اس کے بعد کینیڈا نے ہندوستان کے ہائی کمشنر اور پانچ دیگر سفارت کاروں کو ملک بدر کر دیا، جب کہ آر سی ایم پی  نے یہ الزامات لگائے کہ ہندوستانی سرکاری ایجنٹس قتل، بھتہ خوری اور پرتشدد سرگرمیوں سے جڑے تھے۔
ہندوستان نے الزامات کی سختی سے تردید کی اور جوابی کارروائی میں کینیڈین سفارت کار ملک بدر کیے۔ مارک کارنی اور وزیراعظم مودی کی جی7 سمٹ (البرٹا) میں ملاقات کے بعد دونوں کے درمیان سفارتی تعلقات معمول پر آنا شروع ہوئے۔ پٹّنائک کے مطابق، گرمیوں سے اب تک قومی سلامتی کے خدشات دور کرنے اور اقتصادی تعاون کو ترجیح دینے کے لیے اعلیٰ سطحی مذاکرات جاری ہیں۔
فروری میں نئی دہلی میں منعقد ہونے والے مصنوعی ذہانت ایکشن سمٹ میں شرکت کے لیے مارک کارنی کو باضابطہ دعوت دی جاچکی ہے۔ گزشتہ سال یہ سمٹ پیرس میں ہوئی تھی، جس میں عالمی رہنماؤں، سی ای اوز اور ٹیکنالوجی ماہرین نے شرکت کی۔ پٹّنائک کے مطابق وزیراعظم مودی دو طرفہ اقتصادی اور آزاد تجارتی امور پر بات کرنے کے لیے وقت نکالیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ وہ دعوت قبول کریں گے۔ اگر نہیں تو مارچ سے پہلے کسی بھی وقت یہ ملاقات ممکن ہوگی۔ میں چاہتا ہوں کہ وہ مئی سے پہلے آئیں جب موسم بہت گرم ہو جاتا ہے۔ 2024 میں ہندوستان اور کینیڈا کے درمیان دو طرفہ تجارت 23.6 ارب ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، جو 2023 کے مقابلے میں 12.7 ارب ڈالر زیادہ ہے۔ پٹّنائک کے مطابق، باقاعدہ تجارتی معاہدہ اس رقم کو آسانی سے دوگنا کر سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر کینیڈا مذاکرات شروع کرنا چاہتا ہے تو ہم اسے تیز رفتار اور مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کے لیے تیار ہیں۔ اگر مناسب ماحول فراہم کیا جائے تو آپ کم از کم 50 ارب ڈالر کی تجارت کی طرف دیکھ رہے ہیں۔
ہندوستان کو کینیڈا کے تیل، گیس، جوہری توانائی، بیٹری اسٹوریج، کھاد، پروسیسڈ فوڈ اور زرعی مصنوعات میں دلچسپی ہے۔ ساتھ ہی مصنوعی ذہانت اور کوانٹم کمپیوٹنگ میں تعاون کے لیے بھی راستے کھلے ہیں۔ پٹّنائک نے کہا کہ کینیڈا کی کینولا آئل کی ہندوستان میں بڑی مارکیٹ ہو سکتی ہے، جو دنیا میں خوردنی تیل کا سب سے بڑا صارف ہے۔ اس سے کینیڈا کو چین پر انحصار کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
تاہم، انہوں نے کہا کہ کینیڈا کو مارکیٹنگ مہم کی ضرورت ہوگی کیونکہ ہندوستان میں روایتی طور پر سرسوں، سورج مکھی، پام اور ریپ سیڈ کے تیل زیادہ استعمال ہوتے ہیں۔ ہندوستان کینیڈا میں توانائی اور اہم معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے تیار ہے، لیکن اوٹاوا کو واضح سرمایہ کاری قواعد، ماحولیاتی معیارات اور ابوریجنل ٹائٹل کی قانونی وضاحت فراہم کرنا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ صاف بات ہے، ہم کینیڈا میں سرمایہ کاری سے خوش ہوں گے، لیکن اس کے لیے مناسب ماحول کی ضرورت ہے۔ انہوں نے وزیرِاعظم کارنی کی کیلگری میں میجر پروجیکٹس آفس کے قیام کی تعریف بھی کی۔  پٹّنائک نے مزید کہا ہم کینیڈا کا انتظار کر رہے ہیں کہ وہ ہمیں اپنی مصنوعات بیچے، لیکن اگر وہ نہیں آیا تو ہم کہیں اور سے لے لیں گے۔ یہ ایسا بازار نہیں جہاں ہم ہمیشہ کسی کا انتظار کریں۔
حال ہی میں نئی دہلی کے دورے کے دوران کینیڈین وزیرِ خارجہ انیتا آنند نے قانون نافذ کرنے اور قانون کی حکمرانی کے حوالے سے مشترکہ اعلامیے پر دستخط کیے، جو دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات مضبوط بنانے کا فریم ورک بھی فراہم کرتا ہے۔
پٹّنائک نے کہا کہ ہندوستانی پولیس اور قومی سلامتی ادارے اب آر سی ایم پی اور کینیڈین انٹیلیجنس سروس سے معلومات کا تبادلہ کر رہے ہیں اور قریب تر تعاون چاہتے ہیں۔ انہوں نے نججر کے قتل میں ملوث ہونے کے تمام الزامات کی سختی سے تردید کی اور کینیڈا پر تنقید کی کہ وہ ایسے سکھ علیحدگی پسندوں کے خلاف کارروائی نہیں کر رہا جو خالصتان کے لیے پرتشدد سرگرمیوں کو فروغ دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آپ کے لیے ثبوت کافی ہیں، لیکن ہمارے لیے ثبوت کبھی کافی نہیں سمجھا جاتا۔ ہمیں بات چیت اور واضح سکیورٹی ڈائیلاگ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی رہائش گاہ کے سامنے خالصتانی تخریب کاروں نے ان کے قتل کے نعرے لگائے، نشانے کا ہدف دکھایا اور 10 ہزار ڈالر کا انعام رکھا۔