جکارتہ :وزیر اعظم نریندر مودی اور انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو کے درمیان منگل کو ہونے والی بات چیت میں انڈونیشیا کی فوج کو برہموس میزائلوں کی فراہمی، سمندری سلامتی کو مضبوط بنانے اور اہم معدنیات کی سپلائی چین کو مستحکم کرنے جیسے اہم فیصلے سامنے آئے۔ دونوں ممالک نے اہم معدنیات، ٹیکنالوجی، غذائی تحفظ، ادویات اور سمندری سلامتی سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے تقریباً ایک درجن معاہدوں پر دستخط کیے۔
وزیر اعظم مودی پیر کے روز اپنے تین ملکی دورے کے پہلے مرحلے میں جکارتہ پہنچے تھے، جہاں 2018 کی جامع اسٹریٹجک شراکت داری کے فریم ورک کے تحت تجارت اور سلامتی کے تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے مقصد سے ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے انڈونیشیا نے آپریشن سندور کے دوران کامیاب کارکردگی کے بعد ہندوستان کے فضا سے فضا میں مار کرنے والے استر (Astra) میزائل درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اہم معدنیات کی سپلائی چین کو مضبوط بنانے کے لیے ہندوستان نے انڈونیشیا میں اسٹیل، نکل اور نایاب معدنیات سے تیار ہونے والے مستقل مقناطیس (ریئر ارتھ پرمیننٹ میگنیٹس) کی تیاری میں سرمایہ کاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دونوں ممالک نے آبنائے ملاکا پر واقع تزویراتی اہمیت کے حامل سابانگ بندرگاہ کو مشترکہ طور پر ترقی دینے پر بھی اتفاق کیا، جو ہندوستان کے گریٹ نکوبار بندرگاہی منصوبے سے تقریباً 100 میل کے فاصلے پر واقع ہے۔ بات چیت کے بعد مشترکہ پریس بیان میں وزیر اعظم مودی نے کہا، "2018 میں قائم کی گئی جامع اسٹریٹجک شراکت داری آج ایک نئی بلندی کی طرف بڑھ رہی ہے۔ ترقی، سلامتی، ٹیکنالوجی، ثقافت اور تعلیم سمیت ہر شعبے میں ہم اہم پیش رفت کر رہے ہیں۔"
انہوں نے کہا، "مجھے یقین ہے کہ آج سے ہندوستان اور انڈونیشیا کی شراکت داری کا ایک سنہرا باب شروع ہو رہا ہے۔" مودی نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتا ہوا اعتماد دفاعی، سلامتی اور سمندری تعاون کو مزید مضبوط بنا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آج دونوں ممالک نے دفاعی تبادلوں، آفات سے نمٹنے اور صنعتی تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے۔ وزیر اعظم نے انڈونیشیا میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ (آئی آئی ایم) بنگلورو کا ایک کیمپس قائم کرنے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا، "ہمیں خوشی ہے کہ ہندوستان کا یو پی آئی نظام انڈونیشیا کے ادائیگی کے نظام سے منسلک ہونے جا رہا ہے، جس سے کاروبار اور سفر دونوں مزید آسان ہوں گے۔"
دونوں ممالک نے نیلی معیشت (بلیو اکانومی)، سمندری تجارت اور بندرگاہوں کی ترقی کے شعبوں میں بھی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ وزیر اعظم مودی اور صدر پرابوو سوبیانتو نے مغربی ایشیا کی صورتحال سمیت مختلف عالمی چیلنجوں پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔ مودی نے کہا، "عالمی بے یقینی کے اس دور میں ہندوستان کا ماننا ہے کہ مذاکرات اور سفارت کاری کا کردار پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہو گیا ہے۔"