جکارتہ:وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو انڈونیشیا کی پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان اور انڈونیشیا کے درمیان تاریخی۔ ثقافتی اور سمندری روابط صدیوں پر محیط ہیں اور دونوں ممالک ایک مستحکم اور خوشحال مستقبل کی مشترکہ منزل کی جانب بڑھ رہے ہیں۔
انہوں نے انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو اور وہاں کے عوام کی جانب سے پرتپاک استقبال پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ وہ 140 کروڑ ہندوستانیوں کی نمائندگی کرتے ہوئے دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے شہری کے طور پر انڈونیشیا کی پارلیمنٹ سے خطاب کر رہے ہیں۔
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ وہ انڈونیشیا کے عوام کی محبت اور گرمجوش استقبال کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور انڈونیشیا کے لیے سمندر کبھی فاصلے کی علامت نہیں رہا بلکہ اس نے ہمیشہ دونوں ممالک کو آپس میں جوڑا ہے اور آج بھی دونوں کے مشترکہ مستقبل میں اس کا اہم کردار ہے۔
وزیر اعظم مودی نے دونوں ممالک کے گہرے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان۔ انڈونیشیا اور بحر ہند کے نام ہی اس تاریخی اور تہذیبی رشتے کی عکاسی کرتے ہیں جو صدیوں سے دونوں قوموں کو ایک دوسرے سے جوڑے ہوئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے سفارتی روابط اس بات کا ثبوت ہیں کہ ہندوستان اور انڈونیشیا علاقائی استحکام۔ اقتصادی تعاون اور ثقافتی روابط کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہیں۔
اس سے قبل دونوں ممالک نے دو طرفہ تعلقات میں ایک نئے سنہری باب کا آغاز کرتے ہوئے انڈونیشیا کے انتخابی نظام کو جدید بنانے کے لیے ووٹنگ ٹیکنالوجی میں تعاون کے علاوہ ادارہ جاتی سلامتی اور ثقافتی شعبوں میں شراکت داری بڑھانے کا اعلان کیا۔
وزیر اعظم مودی نے اپنے تین روزہ سرکاری دورے کے دوران صدر پرابوو سوبیانتو کے ساتھ اعلیٰ سطح کی بات چیت بھی کی جس میں دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ 2018 میں قائم کی گئی جامع اسٹریٹجک شراکت داری اب نئی بلندیوں تک پہنچ رہی ہے اور دونوں ممالک ترقی۔ سلامتی۔ ٹیکنالوجی۔ ثقافت اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں تیزی سے تعاون کو آگے بڑھا رہے ہیں۔
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ہندوستان ہمیشہ آسیان کی مرکزی حیثیت کو خصوصی اہمیت دیتا آیا ہے اور دونوں ممالک کا تعاون عالمی اور سمندری استحکام کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
6 سے 8 جولائی تک جاری اس سرکاری دورے کے دوران وزیر اعظم مودی کا یہ انڈونیشیا کا چوتھا دورہ ہے۔ یہ دورہ آزاد۔ کھلے اور جامع ہند۔ بحرالکاہل خطے کے مشترکہ وژن کو مزید مضبوط بنانے کی ایک اہم کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔