نئی دہلی
وزارتِ خارجہ نے افغانستان کے صحت کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ہندوستان نے افغان صحت حکام کو تشخیص، علاج اور خصوصی طبی نگہداشت کے لیے جدید طبی آلات تحفے میں دیے ہیں۔بدھ کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" پر وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا کہ افغانستان کے صحت کے شعبے کی حمایت کے اپنے عزم کی توثیق کرتے ہوئے، ہندوستان نے افغان صحت حکام کو تشخیص اور علاج کے لیے طبی آلات فراہم کیے ہیں، جن میں نوزائیدہ اور بچوں کی نگہداشت کے آلات، کارڈیوگراف مشین، وینٹی لیٹرز، مریضوں کی نگرانی کے آلات، میکسیلوفیشل الیکٹروکاٹری، پلاسٹک سرجری کے آلات اور خصوصی طبی کٹس شامل ہیں۔
اس سے قبل منگل کے روز وزارتِ خارجہ نے افغان عوام کی فلاح و بہبود کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ نئی دہلی مسلسل انسانی امداد، ترقیاتی تعاون اور صلاحیت سازی کے اقدامات کے ذریعے افغانستان میں امن، استحکام اور ترقی کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔
ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران اقوام متحدہ میں ہندوستان کے مستقل نمائندے سفیر پرورتھنی ہریش کی جانب سے پیر کو افغانستان کے بارے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں دیے گئے بیان سے متعلق سوال کے جواب میں ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا کہ افغانستان کے حوالے سے ہندوستان کا مؤقف تبدیل نہیں ہوا ہے اور اس کا مرکز افغان عوام کی حمایت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کل نیویارک میں ایک اجلاس منعقد ہوا تھا جہاں آپ نے ہمارے مستقل نمائندے کا بیان سنا۔ انہوں نے یوناما کی بریفنگ پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ ہندوستان اور افغانستان ہمسایہ اور قدیم تہذیبی ریاستیں ہیں۔ ہمارے تعلقات صدیوں پر محیط ہیں۔
رندھیر جیسوال نے مزید کہا کہ ہندوستان خوراک کے تحفظ، صحت کی سہولیات اور ادویات کی فراہمی سمیت مختلف شعبوں میں افغانستان کی مدد جاری رکھے ہوئے ہے، جبکہ افغان طلبہ کو وظائف اور صلاحیت سازی کے مواقع بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم افغانستان اور پورے خطے میں امن اور استحکام کے حامی ہیں تاکہ ترقی اور خوشحالی کو فروغ دیا جا سکے۔ ہم نے اپنے ترقیاتی تعاون، دیرینہ دوستی اور افغانستان میں جاری منصوبوں کا ذکر کیا، جن میں خوراک کے تحفظ، ادویات، فارماسیوٹیکل معاونت اور صحت کے شعبے میں تعاون شامل ہے۔