نئی دہلی: ہندوستان نے آج کہا کہ وہ مغربی ایشیا کی صورتِ حال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور آبنائے ہرمز کے ذریعے جہاز رانی اور تجارتی سرگرمیوں کی محفوظ اور بلا رکاوٹ آمدورفت کو یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔ وزارتِ خارجہ کے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں ترجمان رندھیر جیسوال نے صحافیوں کے سوالات کے جواب میں کہا کہ دو تجارتی جہازوں پر حملوں پر ہندوستان کو شدید تشویش ہے، جن میں ایک ہندوستانی شہری ہلاک ہو گیا۔
انہوں نے کہا، ’’ہم مغربی ایشیا کی پیش رفت پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ہم آبنائے ہرمز کے ذریعے محفوظ اور بلا رکاوٹ جہاز رانی اور تجارت کے تسلسل کی اپیل کرتے ہیں۔ یہ دنیا بھر کے لوگوں کی اقتصادی اور توانائی سلامتی کے لیے نہایت اہم ہے۔‘
‘ جیسوال نے بتایا کہ وزارتِ خارجہ نے ایران کے سفارت خانے کے نائب سربراہِ مشن کو طلب کرنے کے بعد ایک بیان جاری کیا اور آبنائے ہرمز سے گزرنے کے دوران ایم ٹی ال بحیہ اور ایم ٹی ممباسا پر ہونے والے حملوں پر ہندوستان کی شدید تشویش سے انہیں آگاہ کیا۔ دونوں جہازوں پر عملے کے مجموعی 46 ارکان میں 30 ہندوستانی ملاح شامل تھے۔ ایم ٹی ال بحیہ پر موجود 12 ہندوستانی شہریوں میں سے ایک ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوا۔ ایم ٹی ممباسا پر سوار 18 ہندوستانی شہریوں میں سے 9 زخمی ہوئے، جن میں دو کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ جیسوال نے کہا، ’’ہم نے ایران کے نائب سربراہِ مشن کو طلب کرنے کے بعد انہیں اپنی شدید تشویش سے آگاہ کیا اور اس واقعے کی سخت مذمت کی۔
ہم نے ایک قیمتی ہندوستانی جان گنوائی ہے جبکہ کئی ہندوستانی شہری زخمی ہوئے ہیں، جن میں دو شدید زخمی ہیں۔ ہم نے ایرانی حکام کے سامنے اپنا سخت احتجاج درج کرایا اور کہا کہ ایسے حملے فوری طور پر بند ہونے چاہییں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ کشیدگی میں کمی لانا ضروری ہے اور ایران و امریکہ کو مذاکرات کی میز پر واپس آکر بات چیت اور سفارت کاری کا راستہ اختیار کرنا چاہیے تاکہ مغربی ایشیا میں امن اور استحکام قائم ہو سکے۔ اس سے قبل وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں ہلاک ہونے والے ہندوستانی شہری کے اہلِ خانہ سے گہرے تعزیت کا اظہار کیا گیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی گئی۔
بیان میں کہا گیا کہ متحدہ عرب امارات میں ہندوستانی سفارت خانہ اور قونصل خانہ صورتِ حال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور اماراتی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں تاکہ متاثرہ ہندوستانی ملاحوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جا سکے۔ وزارتِ خارجہ نے آج صبح نئی دہلی میں ایران کے سفارت خانے کے نائب سربراہِ مشن کو طلب کرکے ان حملوں کے خلاف سخت احتجاج بھی درج کرایا۔ وزارت نے کہا کہ ہندوستان ملاحوں کو نشانہ بنانے اور بین الاقوامی آبی گزرگاہوں، خصوصاً آبنائے ہرمز، میں آزاد اور محفوظ جہاز رانی میں رکاوٹ ڈالنے والے ان حملوں کی سخت مذمت کرتا ہے۔ ساتھ ہی مغربی ایشیا میں دوبارہ شروع ہونے والے حملوں اور بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے فوری طور پر تشدد روکنے اور مذاکرات و سفارت کاری کی طرف واپسی کی اپیل کی گئی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ خطے میں تجارتی جہازوں اور شہری بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے تاکہ بین الاقوامی قانون کے مطابق آبی گزرگاہوں میں آزاد، محفوظ اور بلا رکاوٹ جہاز رانی اور تجارت جلد از جلد بحال ہو سکے۔ ادھر امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کو کہا کہ امریکہ ایران کی ناکہ بندی دوبارہ نافذ کر رہا ہے اور آبنائے ہرمز کی سکیورٹی فراہم کرنے کے عوض 20 فیصد فیس وصول کرے گا۔ ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں ٹرمپ نے یقین دہانی کرائی کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باوجود اس اہم بحری گزرگاہ سے عالمی بحری تجارت بند نہیں ہونے دی جائے گی۔