نيو یارک/نئی دہلی
ہندوستان نے لبنان میں اقوام متحدہ کی عبوری فورس (یو این آئی ایف آئی ایل ) کے تحت تعینات امن دستوں پر ہونے والے حملے کی سخت مذمت کی ہے۔ ہندوستان نے اس حملے میں جان کی بازی ہارنے والے سربیا کے امن دستے کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے زخمی اہلکاروں کی جلد صحتیابی کی دعا کی ہے۔
اقوام متحدہ میں ہندوستان کے مستقل مشن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ کے احاطوں اور اس کے اہلکاروں کی حفاظت اور ان کے وقار کا احترام عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ہندوستان نے تمام فریقوں سے اپیل کی کہ وہ اقوام متحدہ کے امن دستوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں، جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مینڈیٹ کے تحت حساس علاقوں میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
ہندوستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2589 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امن دستوں کے خلاف جرائم پر جوابدہی طے کی جانی چاہیے۔ ہندوستان نے اس حملے کی فوری، غیر جانبدار اور جامع تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے پر زور دیا۔
یہ ردعمل ایسے وقت سامنے آیا ہے جب یو این آئی ایف آئی ایل نے جمعرات کو اعلان کیا کہ جنوب مشرقی لبنان کے مرجعیون علاقے کے قریب مارٹر گولے گرنے سے شدید زخمی ہونے والے ایک امن دستے کی موت واقع ہو گئی۔ حملے میں دو دیگر امن اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں، جن کا علاج یو این آئی ایف آئی ایل کے طبی مرکز میں جاری ہے۔
یو این آئی ایف آئی ایل نے ایک بیان میں کہا کہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ مشن نے تمام فریقوں سے بین الاقوامی قوانین کی پابندی کرنے اور اقوام متحدہ کے اہلکاروں اور املاک کے تحفظ کو یقینی بنانے کی اپیل کی۔
بیان میں کہا گیا کہ امن دستوں کو خطرے میں ڈالنے والی کسی بھی کارروائی سے گریز کرنا تمام فریقوں کی ذمہ داری ہے۔ یو این آئی ایف آئی ایل نے واضح کیا کہ امن دستوں پر جان بوجھ کر حملے بین الاقوامی انسانی قانون اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 1701 کی سنگین خلاف ورزی ہیں اور انہیں جنگی جرائم کے زمرے میں بھی رکھا جا سکتا ہے۔
اس دوران اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو نے بھی اس حملے کی سخت مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مارچ سے خطے میں بڑھتے ہوئے تنازع کے بعد سے اب تک یو این آئی ایف آئی ایل کے سات امن اہلکار اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، جبکہ متعدد دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
گوتیریش نے تمام فریقوں سے فوری طور پر تشدد روکنے اور اقوام متحدہ کے امن مشنوں کی حفاظت یقینی بنانے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ امن دستے تنازع والے علاقوں میں شہریوں کے تحفظ اور استحکام کے لیے کام کرتے ہیں، اس لیے انہیں نشانہ بنانا مکمل طور پر ناقابل قبول ہے۔
ماہرین کے مطابق لبنان اور اسرائیل کی سرحد پر بڑھتے ہوئے کشیدگی کے درمیان اقوام متحدہ کے امن دستوں کی حفاظت ایک بڑا چیلنج بنتی جا رہی ہے۔ حالیہ حملہ خطے کی نازک سکیورٹی صورتحال کی عکاسی کرتا ہے اور عالمی برادری کی تشویش میں اضافہ کر رہا ہے۔
ہندوستان نے ایک بار پھر اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ اقوام متحدہ کے امن مشنز میں تعینات اہلکاروں کی حفاظت سب سے اہم ترجیح ہونی چاہیے اور ایسے حملوں کے ذمہ داروں کو قانون کے دائرے میں لایا جانا چاہیے۔