ہندوستان نے تجارتی جہازوں پر حملے کی مذمت کی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 11-06-2026
ہندوستان نے تجارتی جہازوں پر حملے کی مذمت کی
ہندوستان نے تجارتی جہازوں پر حملے کی مذمت کی

 



نیویارک
ہندوستان نے بدھ کے روز خلیجی خطے میں تجارتی بحری جہازوں پر حملوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور جاری تنازع کے دوران مذاکرات اور سفارت کاری پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس خطے کی سلامتی اور استحکام میں نئی دہلی کے اہم اور قریبی ہمسایہ ہونے کے باعث براہِ راست اور کلیدی مفادات وابستہ ہیں۔
یہ ریمارکس ہندوستان کے اقوام متحدہ میں مستقل نمائندے، سفیر پرَوتھنینی ہریش نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں “بین الاقوامی امن و سلامتی کا تحفظ: مشرقِ وسطیٰ میں سیاسی حل کو فروغ دینا: دیرپا امن کے لیے ثالثی اور مکالمہ” کے موضوع پر کھلی بحث کے دوران دیے۔
مغربی ایشیا میں حالیہ پیش رفت پر ہندوستان کے مؤقف کو دوبارہ دہراتے ہوئے سفیر پی ہریش نے تنازع پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں، کشیدگی میں اضافہ نہ کریں اور شہریوں کی حفاظت کو اولین ترجیح دیں۔
انہوں نے تجارتی بحری جہازوں پر حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان ان حملوں کی سختی سے مخالفت کرتا ہے کیونکہ ہمارے کئی شہری عالمی میری ٹائم شعبے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ متعدد ہندوستانی شہری مختلف حملوں کے نتیجے میں جان کی بازی ہار چکے ہیں یا لاپتہ ہیں، جو خطے کے ممالک اور بحری جہازوں اور مواصلاتی سمندری راستوں پر کیے گئے حملوں کا نتیجہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تنازع کی شدت میں اضافہ اور اس کا دیگر ممالک تک پھیلنا شدید تشویش کا باعث ہے۔ بڑھتی ہوئی تباہی، اموات اور معمولات زندگی و معاشی سرگرمیوں کا تعطل، ہندوستان جیسے قریبی ہمسایہ ملک کو بھی شدید متاثر کر رہا ہے جس کے اس خطے کے امن و استحکام میں بنیادی مفادات ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خلیجی خطے میں تقریباً ایک کروڑ ہندوستانی شہری رہتے اور کام کرتے ہیں، اور ان کی حفاظت اور فلاح و بہبود ہندوستان کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ “ہمارے تجارتی اور توانائی کے سپلائی چینز اس خطے کے استحکام پر منحصر ہیں اور کسی بھی بڑی رکاوٹ کے ہندوستانی معیشت پر سنگین اثرات مرتب ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان نے ایک بار پھر مذاکرات اور سفارت کاری کی اپیل کی ہے، آزادیِ بحری آمدورفت اور تجارت میں رکاوٹ نہ ڈالنے، تجارتی بحری جہازوں کو نشانہ نہ بنانے، شہری آبادی اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان نہ پہنچانے اور تنازع کے جلد خاتمے پر زور دیا ہے۔ ساتھ ہی ہندوستان نے تمام پرامن کوششوں کی حمایت کا بھی اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ مغربی ایشیا کے عوام پائیدار امن اور معمول کی زندگی کے حق دار ہیں۔سفیر ہریش نے کہا کہ ہندوستان اس مقصد کے حصول کے لیے مکمل طور پر تیار ہے تاکہ خطے اور اس سے باہر کے لوگوں کے لیے امن، خوشحالی اور فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے عالمی سطح کے ابھرتے ہوئے چیلنجز جیسے معاشی بحران، آبادیاتی دباؤ، دہشت گردی، سپلائی چین میں خلل اور نئی ٹیکنالوجیز سے پیدا ہونے والے خطرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کو ان بدلتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے لیے زیادہ فعال اور مؤثر ہونا چاہیے۔
انہوں نے تنازعات کے حل میں انسانی مرکزیت کے نقطہ نظر پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جنگوں اور تنازعات میں خواتین، بچے اور دیگر کمزور طبقات سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔